کامیاب زندگی گزارنے کیلئے تعلیم کے ساتھ جدید ہنر بھی سیکھنا ہوگا،ملک عبدالولی خان کاکڑ

جمعہ 8 مارچ 2024 20:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2024ء) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ کامیاب زندگی گزارنے کیلئے تعلیم کے ساتھ جدید ہنر بھی سیکھنا ہوگا اسلئے ہم نے اپنے جوانوں کو ڈگری یافتہ ہونے کے علاوہ مہارت یافتہ بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔ وہ وقت دور نہیں کہ بلوچستان سے نوجوان بیرونی ممالک اور دیگر صوبوں میں روزی روٹی کمانے کیلئے بطور چوکیدار، مزدور یا ڈرائیور نہیں بلکہ اب ایک کامیاب پروفیشنل، آئی ٹی ایکسپرٹ، سول انجینئر، ریسرچر یا سائنسدان کی حیثیت سے باہر جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں الٹرا سافٹ سسٹم کے زیر اہتمام آئی ٹی انیشیٹیو پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر یو این ایچ سی آر کوئٹہ کے سربراہ (Taspy Baklay), نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل محمد اسلم غنی، کمیشنر افغان رفیوجیز ارباب طالب اور الٹرا سافٹ سسٹم کے سربراہ آصف نعیم کے علاوہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور آن لائن بزنس کے کورسسز کی تربیت حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بلوچستان کے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور ان کیلئے کمانے کے ذرائع پیدا کرنے کیلئے چند مہینے قبل گورنر بلوچستان نے آئی ٹی انیشیٹیو پروگرام کا آغاز کیا تھا پھر باقاعدہ ٹیسٹ بھی لیا گیا تھا اور آج الحمدللہ پانچ مختلف ٹریڈز میں جدید کورسسز کا مرحلہ وار سلسلہ شروع کرانے جا رہا ہے تاکہ ہمارے نوجوان بھی گھر بیٹھے ہزاروں ڈالرز کمانے کے قابل ہو سکیں۔

گورنر آئی ٹی انیشیٹیو پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے حکومت بلوچستان، تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر صاحبان اور الٹرا سافٹ سسٹم کے سربراہ آصف کاکڑ کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہم سب اس حقیقت سے آشنا ہیں کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس بڑی تیزی سے معیشت اور انسانی رویوں پر اثر انداز ہو رہی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ہم وقت کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو جائیں۔آخر میں گورنر بلوچستان نے آئی ٹی انیشیٹیو پروگرام کے تمام منتظمین اور شرکاء میں یادگاری شیلڈز، لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ تقسیم کیے