تیمور جھگڑا نے پی ٹی آئی کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، علی امین گنڈاپور پر ان الزامات کی تحقیقات کرائی جائیں، عطاء اللہ تارڑ

جمعہ 8 مارچ 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطاء اللہ تارڑ نے تیمور جھگڑا کے کرپشن الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیمور جھگڑا نے پی ٹی آئی کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، علی امین گنڈاپور پر ان الزامات کی تحقیقات کرائی جائیں۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا شورمچانے والوں کی "کرپشن دھاندلی" بے نقاب ہو چکی ہے، تیمور جھگڑا کے کرپشن اور رشوت کے سنگین الزامات کی تحقیقات کے لئے کمیشن بننا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صاف چلی شفاف چلی کے پردے میں کرپشن کی کتنی بھیانک کہانی چھپی ہے، قوم نے اپنی آنکھوں سے دیکھ اور کانوں سے سن لیا ہے ، بیرسٹر سیف کے وضاحتی بیان سے کرپشن چھپائی نہیں جا سکتی، کروڑوں روپے کے عوض عہدوں کی فروخت نیا انکشاف نہیں ہے ، وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں یہ شواہد پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں ، بانی پی ٹی آئی نے کرپشن کو ادارہ جاتی شکل دی۔ انہوں نے کہا کہ190 ملیں پائونڈ، القادر ٹرسٹ، خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی، ہیرے کی انگوٹھیاں اور ہار، ٹرانسفر پوسٹنگ کی لوٹ سیل، فارن فنڈنگ، مالم جبہ، بی آر ٹی، ہیلی کاپٹر، ادویات سکینڈل، بلین ٹری سونامی مسلسل کرپشن کے چند ثبوت ہیں۔