خیبرپختونخواہ کے ہر شہری کیلئے صحت کارڈ کی سہولت بحال کر دی گئی

یکم رمضان سے صوبے کا ہر شہری پینل پر موجود ملک کے کسی بھی ہسپتال سے 10 لاکھ روپے کے مفت علاج کا اہل ہو گا، انشورنس کمپنی نے صحت کارڈ سہولت کی بحالی کی تصدیق کر دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 8 مارچ 2024 23:32

خیبرپختونخواہ کے ہر شہری کیلئے صحت کارڈ کی سہولت بحال کر دی گئی
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مارچ2024ء) خیبرپختونخواہ کے ہر شہری کیلئے صحت کارڈ کی سہولت بحال کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ کی منتخب صوبائی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد نگران حکومت کی جانب سے بند کر دیے جانے والے منصوبوں کو دوبارہ بحال کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ نگران حکومت کے دور میں معطل کر دی گئی صحت کارڈ سہولت بھی باقاعدہ بحال کر دی گئی۔



اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی نے خیبر پختونخواہ کے تمام شہریوں کے لیے صحت کارڈ کی مفت علاج کی سہولت بحال کر دی۔ یکم رمضان سے صوبے کے تمام خاندان ملک بھر میں پینل پر موجود ہسپتالوں سے 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کروا سکیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کے پی نے گزشتہ روز یکم رمضان سے صحت کارڈ بحال کرنے کا اعلان کیا تھا، صحت کارڈ کیلئے انشورنس کمپنی کو فوری طور پر 5 ارب روپے جاری کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے صحت کارڈ کی مد میں انشورنس کمپنی کے بقایاجات کی ادائیگی کیلئے ماہانہ 5 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ جبکہ وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور کی صوبائی حکومت نے صوبے میں پناہ گاہوں کو بحال کرنے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔

جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبائی حکومت نے ابتدائی طور پر صوبے کے 11 اضلاع میں قائم پناہ گاہوں کی بحالی کیلئے 2 کروڑ روپے کے فنڈز ریلیز کر دیے۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق صوابی، مردان، ایبٹ آباد، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، جنوبی وزیرستان، ضلع خیبر، پشاور، سوات، چارسدہ میں قائم پناہ گاہیں بحال کر دی گئی ہیں۔ ان پناہ گاہوں میں رمضان المبارک کے دوران قیام کرنے والوں کو سحری اور افطاری بھی ملے گی۔

  جبکہ خیبر پختونخواہ حکومت نے رمضان المبارک میں شہریوں کیلئے رمضان پیکج کا پلان بھی تیار کرلیا ہے۔اس حوالے سے صوبائی وزیر ظاہر شاہ طورو نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت کی جانب سے تیار کیے گئے رمضان پیکج سے صوبے کے 6 لاکھ 37 ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔ ہر خاندان کو 10 ہزار روپے کے چیک دئیے جائیں گے، پیکج کیلئے ساڑھے 8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور رمضان پیکج کا اعلان کریں گے، رقوم کی ادائیگی احساس پروگرام کے تحت کی جائے گی۔