سی ٹی ڈی کے پنجاب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ،23دہشت گردوں گرفتار

دہشت گرد مختلف اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے،دھماکہ خیز مواد، ہینڈ گرنیڈ اور ڈیٹونیٹر سمیت دیگر سامان برآمد لاہور سے ٹی ٹی پی ،فیصل آباد سے القاعدہ کا اہم سہولت کار گرفتار ،دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ‘حکام

ہفتہ 9 مارچ 2024 12:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2024ء) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 23دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ، دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ہینڈ گرنیڈ اور ڈیٹونیٹر سمیت دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ۔حکام کے مطابق سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 229انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے ۔

کارروائیاں لاہور ،گوجرانوالہ،میانوالی،بہاولپور،راولپنڈی ،راجن پور، سیالکوٹ، فیصل آباد،چینوٹ،بہاول نگر اور رحیم یار خان میں کی گئیں جن میں 23دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ لاہور سے ٹی ٹی پی اور فیصل آباد سے القاعدہ کے اہم سہولت کار کو گرفتار کیا گیا ۔دہشت گردوں کی شناخت عبدالکریم ، غفران، کامران ، شاہ محمد ، شاکر، عمران ، شاہی محمد ، انصاف اللہ ، سمر خان، اسلم اورقدوس وغیرہ کے نام سے ہوئی ۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق دہشت گرد مختلف اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ہینڈ گرنیڈ، 2ڈیٹونیٹر ،20حفاظتی فیوز وائر 51فٹ،اسلحہ،گولیاں اور نقدی برآمد ہوئی ۔ حکام کے مطابق رواں ہفتی962 کومبنگ آپریشنز کے دوران 133 مشتبہ افراد گرفتار کیے ، کومبنگ آپریشنز میں 37739افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ۔ حکام نے کہا کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔