ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کیلئے ابتدائی طور پر 70درخواست گزاروں کو ممبر شپ جاری کرنے کی سفارش

ہفتہ 9 مارچ 2024 17:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2024ء) کمشنر فیصل آباد کی سربراہی میں مینجمنٹ کمیٹی نے ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کیلئے ابتدائی طور پر 70درخواست گزاروں کو ممبر شپ جاری کرنے کی سفارش کردی ہے جبکہ بقایا درخواست گزاروں کے انٹرویوز عنقریب مکمل کرلئے جائینگے۔ممبر شپ کیلئے کامیاب درخواست گزاروں کو بارہ مارچ 2024ء تک واجبات جمع کرانے کیلئے مطلع کیاگیاہے جبکہ جن شائقین نے ممبرشپ فارمز وصول کئے ہیں وہ بھی بارہ مارچ تک یہ فارمز مکمل کرکے واپس جمع کرا سکیں گے۔

اس امر کا انکشاف ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیاگیا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دلاور چدھڑ راجپوت، چیف انجینئر مہرایوب گجر، ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ بہرام حسین ودیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایاگیاکہ ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ کیلئے مجموعی طور پر170 شائقین نے فارمز وصول کئے ہیں جن میں سے تکمیل کے بعد 128 فارمز واپس وصول ہوگئے ہیں جن کے مرحلہ وار پرورگرام کے تحت مینجمنٹ کمیٹی کے روبرو انٹرویوز جاری ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مطلع کیاہے کہ پہلے سو ممبرز کیلئے ممبر شپ فیس دولاکھ روپے مقرر کی گئی ہے اور اس کے بعد پانچ سو ممبرز تک یہ فیس دوگنی ہوجائیگی لہٰذا اپنا استحقاق برقرار رکھنے اور رعایتی فیس سے فائدہ اٹھانے کیلئے سفارش کردہ ممبرز اپنے واجبات فوری جمع کرائیں۔ انہوں نے کہاکہ جن افراد نے ممبرشپ فارم وصول کرکے ابھی تک واپس جمع نہیں کرائے وہ بارہ مارچ 2024ء تک جمع کرادیں تاکہ ان کی ممبرشپ کا جلد فیصلہ ہوسکے۔

ڈی جی ایف ڈی اے نے متعلقہ افسران سے کہاکہ وہ ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں ان ڈور گیمز کی تمام سہولیات کو ہمہ وقت تیاررکھیں کیونکہ کامیاب درخواست گزاروں کو عنقریب ممبرشپ کارڈز جاری کئے جارہے ہیں جس کے بعد انہیں سپورٹس کمپلیکس میں گیمز کی سہولیات حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے خصوصی اقدامات کے تحت کھیلوں کی سہولیات کے شعبہ میں یہ میگا پراجیکٹ 70 کروڑ کے خطیر فنڈز سے مکمل کیا گیا ہے جس میں مرد وخواتین کیلئے عالمی معیار کے مطابق ان ڈور گیمز کی سہولیات دستیاب ہیں جن میں بیڈ منٹن، سکوائش، ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال، جمنیزیم، سوئمنگ پولز، سنوکر، چیس، کیرم، جوگنگ ٹریک، چلڈرن پلے ایریا و دیگر کھیلیں شامل ہیں جبکہ مستقبل میں مزید توسیع و اضافے کے لئے بھی منصوبہ سازی کی جا رہی ہے اجلاس کے دوران چیف انجینئر مہرایوب نے سپورٹس کمپلیکس میں دستیاب سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی اور کہاکہ معیار اور اہمیت کے اعتبار سے یہ منصوبہ اپنی واضح شناخت قائم کریگا۔