جعفرآباد میں امن امان خراب کرنے والے عناصروں کو سختی سے کچلا جائیگا، ایس ایس پی جعفرآباد فریال فرید

ہفتہ 9 مارچ 2024 23:19

ڈیرہ اللہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2024ء) ایس ایس پی جعفرآباد فریال فرید نے کہا ہے کہ جعفرآباد میں امن امان خراب کرنے والے عناصروں کو سختی سے کچلا جائیگا، جرائم پیشہ اور سماجی برائیوں میں ملوث ملزمان اور انکے سہولت کاروں کے خلاف بھی پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، رواں ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں کے دوران بین الصوبائی اور بین الاضلاع ڈکیت گینگ کے 8 کارندوں سمیت 55 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 8 پستول، ایک شاٹ گن، چھینی گئی 8 موٹرسائیکلیں، ایک ڈاٹسن، اور بڑی مقدار میں چرس، آئس اور دیگر منشیات بھی برآمد کیا گیا، پولیس تھانہ ڈیرہ اللہ یار میں ڈی ایس پی سرکل محمد دائود کھوسہ، ایس ایچ او غلام قادر رند، سی آئی اے انچارج محمد انور کھوسہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی فریال فرید نے کہا کہ جعفرآباد بارڈر ضلع ہونے کے باعث امن امان کی بحالی کے لئے پولیس کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہے، ڈی ایس پی محمد دائود کھوسہ کی نگرانی میں پولیس اور سی آئی اے کی ٹیمیں متحرک ہیں، امن امان خراب کرنے والے عناصروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، انکا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد کو مقامی لوگوں کی سہولتکاری میسر ہے، گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش سہولت کاروں کا بھی بتایا ہے جسکے بعد ان سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا جاچکا ہے، مزید تفتیش جیسے آگے بڑھے گی اہم انکشافات بھی متوقع ہیں اور گرفتاریاں بھی ہونگی، ایس ایس پی فریال فرید نے بتایا کہ پولیس گرفتاریوں کے بعد مدعی افراد مکر جاتے ہیں اور نجی سطح پر صلح صفائی کرتے ہیں جسکے باعث ملزمان عدالتوں سے رہا ہو جاتے ہیں، مدعیان کا تعاون نہ ہونے کی وجہ سے بھی پولیس کو مشکلات کا سامنا ہے۔