رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش ہوگئی

زیادہ تر ممالک میں اس وقت رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مارچ 2024 18:19

رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش ہوگئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مارچ 2024ء ) رواں سال کے ماہ مقدس رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش آج یعنی 10 مارچ کو ہوچکی ہے، تاہم آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی پیدائش کو 12 گھنٹے بھی مکمل نہیں ہوئے اس لیے زیادہ تر ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں اور دنیا کے بیشتر ممالک میں ماہ شعبان 30 ایام کے بعد اختتام پذیر ہوگا اور دنیا کے زیادہ تر ممالک میں رمضان المبارک کا چاند 11 مارچ کو با آسانی نظر آ جائے گا، یوں زیادہ تر ممالک میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ 12 مارچ کو ہونے کا امکان ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ 12 یا 13 مارچ کو ہونے کا امکان ہے کیوں کہ پاکستان میں شعبان المعظم کا 12 فروری بروز پیر سے آغاز ہوا تھا جب کہ امارات فلکیاتی سوسائٹی کی ڈائریکٹر ابراہیم الجروان نے چند ہفتے قبل شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا کہ فلکیاتی حساب سے ظاہر ہوتا ہے اس بار رمضان المبارک مارچ 2024ء کے دوسرے ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے اور عیدالفطر 10 اپریل کو ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

امارات فلکیاتی سوسائٹی کی ڈائریکٹر ابراہیم الجروان اسلامی مہینوں خاص کر رمضان المبارک، عید الفطر اور عید الاضحٰی کی تاریخوں کی پیشن گوئیوں کے حوالے سے خاصی شہرت حاصل کر چکے ہیں، ابراہیم الجروان اس سے قبل بھی کئی مواقعوں پر اہم اسلامی مہینوں اور تہواروں کی تاریخوں سے متعلق پیشن گوئیاں کر چکے ہیں، ان کی کئی پیشن گوئیوں درست بھی ثابت ہوئیں۔ ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ رواں سال رمضان المبارک 26 سال کے بعد سردیوں میں آرہا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ 2024 سے رمضان المبارک سردیوں میں آتا رہے گا تاہم ابتدائی دو سال تک رمضان کا آخری حصہ موسم بہار میں ہوگا، اس کے بعد 2031ء تک رمضان المبارک موسم سرما میں ہوگا اور پھر 8 سال تک یعنی 2039ء تک موسم خزاں میں آئے گا۔