حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹور پر فراہم کی جانے والی اشیائے خرد و نوش نایاب ہو گئی،بلال سلیم قادری

پیر 11 مارچ 2024 22:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2024ء) ہمیشہ کی طرح اس بار بھی حکومت کی جانب سے سبسڈی والی اشیا عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے اپنے جاری بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹور پر فراہم کی جانے والی اشیائے خرد و نوش نایاب ہو گئی ہیں۔

غریب اور سفید پوش افراد گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد یوٹیلٹی اسٹور سے خالی ہاتھ جانے پر مجبورہیں۔یوٹیلٹی اسٹور انتظامیہ کا رویہ بھی شہریوں کے ساتھ بہت خراب ہے۔یوٹیلٹی اسٹور انتظامیہ شہریوں سے کہتی ہے کہ سبسڈی والی چیزوں کے ساتھ دوسری چیزیں بھی خریدنا لازمی ہیں۔خالی سبسڈی والی چیز نہیں دی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی فوری اس جانب توجہ دیں۔

عوام میں امید ختم اور مایوسی بڑھتی جا رہی ہے۔اگر یہی صورتحال رہی تو ملک کے موجودہ حالات اور مہنگائی سے پریشان حال عوام اس بابرکت مہینے میں بھی پیٹ بھر کھانا نہیں کھا پائیں گے۔بلال سلیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ مخیر حضرات اس بابرکت مہینے میں آگے آ کر غریب اور متوسط طبقے کے لیے بچت بازاروں کا اہتمام کریں۔ہر مشکل وقت میں فلائی اداروں نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔انہی فلائی اداروں نے مشکل گھڑی میں عوام کو سہارا بھی دیا ہے۔یہ ادارے بھی آگے آ کر عوام کا دکھ درد بانٹیں۔حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر ذخیرہ اندوزوں اور اس بابرکت مہینے میں مہنگائی کا سونامی لانے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیں اور کمپنی کی قیمتوں پر بچت بازار لگا کر عوام کی خدمت کریں۔