بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے شارٹ اور لانگ ٹرم منصوبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے،وزیراعلی گلگت بلتستان

پیر 11 مارچ 2024 20:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان خصوصاً ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے شارٹ اور لانگ ٹرم منصوبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے۔۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہنزہ چیمبر آف کامرس کے ذریعے گلگت بلتستان میں سولر پاور پروجیکٹس میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کرنے والی چائینز کمپنی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ برقیات کی جانب سے گلگت بلتستان میں سولر پاور پروجیکٹس کی تنصیب کے حوالے سے بھی فزیبلٹی رپورٹس تیار کی گئی ہے، سولر پاور پروجیکٹس کے منصوبوں میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین و ممبر اسمبلی فتح اللہ خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ ، سیکرٹری برقیات نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ چائینز کمپنی کی جانب سے سولر پاور پروجیکٹس کے حوالے سے اپنا پرپوزل سیکرٹری برقیات کے پاس جمع کرائیں جس پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان میں جاری بجلی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت صوبے کے ہسپتالوں اور سرکاری دفاتر میں سولر پروجیکٹس نصب کرنے پر غور کررہی ہے۔