قائد اعظم اکادمی میںقراردادمقاصد کی ڈائمنڈجوبلی تقریب کا انعقاد

قراردادمقاصد دراصل تجدید عمل کی یادگار کی حیثیت رکھتی ہے ، محفوظ النبی خان

منگل 12 مارچ 2024 19:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2024ء) قائد اعظم اکادمی اور قائد ملت لیاقت علی خان شہید میموریل کمیٹی کے زیر اہتمام یوم پاکستان مارچ 1940 کی یاد میں ایک مذاکرے کا اہتمام کیا گیا اور قرارداد مقاصد کی ڈائمنڈ جوبلی (1949-2024) کیک کٹنگ کی تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں مہمان خصوصی جسٹس ریٹائرڈ ضیا پرویز، لیاقت علی خان میموریل سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری محفوظ النبی خان، سید نسیم شاہ ایڈوکیٹ اور دیگر مہمان گرامی آصف رفیق، صدیق بلوچ ایڈوکیٹ، یاسین مہران والا ایڈوکیٹ ،شبانہ سحر، ناصر رضوان خان ایڈوکیٹ ،مسعود عالم، عطاء الرحمن، رانا اشفاق رسول اور دیگر نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد اعظم اکادمی کے انچارج ڈائریکٹر زاہد حسین ابڑو نے کہاکہ ٓال انڈیا مسلم لیگ کے 27ویں سالانہ اجلاس لاہور میں مارچ 1940 کو ایک علیحدہ مسلم وطن کے لیے منظور کی جانے والی قرارداد قیام پاکستان کے حوالے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، ایک ایسا سنگ میل جس سے نہ صرف مطالبہ پاکستان کا آغاز ہوا بلکہ تحریک پاکستان کی عظیم ترین جدوجہد شروع ہوئی۔

(جاری ہے)

محفوظ النبی خان نے اپنے خطاب میں قرارداد پاکستان کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرارداد آج دراصل تجدید عمل کی یادگار کی حیثیت رکھتی ہے اور ہم سے مطالبہ کرتی ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے خود کو وقف کر دیں تاکہ ہم قائد اعظم کے تصور پاکستان تک رسائی حاصل کر سکیں۔ محفوظ النبی خان نے قرارداد مقاصد کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔مہمان خصوصی جسٹس ریٹائرڈ ضیا پرویز نے کہاکہ قرارداد مقاصد آئین پاکستان کا حصہ ہے اس پر عمل کرنا ضروری ہے۔ اس موقع پر قرارداد پاکستان پر فکر انگیز اظہار خیال کیا گیا۔ بعد ازاں حاضرین کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا اور ڈائمنڈ جوبلی قرارداد مقاصد کے سلسلے میں کیک کٹنگ بھی کی گئی۔