انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشدسمیت دیگر کوفرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کرلیا

منگل 12 مارچ 2024 23:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مارچ2024ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مسلم لیگ ن کا آفس جلانے کے دو مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشدسمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کوفرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کرلیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید چدھڑ نے کیس سماعت کی پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

عدالت نیملزمان کو چالان کی کاپیاں تقسیم کر رکھی ہیں، عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کرتے ہوئے کارروائی 26 مارچ تک ملتوی کر دی۔ مقدمہ میں سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری سمیت دیگر نامزد ہیں، ملزمان کیخلاف ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ نون کا آفس کے جلانے کے دو مقدمات درج ہیں، مقدمات میں ملزمان پر بغاوت اور عوام کو فسادات پر اکسانے کا الزام ہے، تھانہ ماڈل ٹاؤن میں ملزمان کیخلاف مقدمہ نمبر 366/23 اور مقدمہ نمبر 367/23 درج ہیں۔