انگلش کرکٹر جیسن رائے کا ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ

منگل 12 مارچ 2024 23:24

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2024ء) انگلینڈ کے سٹار کرکٹر جیسن رائے نے ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے جیسن رائے کے متبادل کے طور پر فل سالٹ کو سکواڈ میں شامل کرلیا۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے جیسن رائے نے رواں ماہ شروع ہونے والی آئی پی ایل میں حصہ نہ لینے کے حوالے سے بتایا کہ وہ رواں سال مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں جس کی وجہ سے اب کھیل سے کچھ وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں جس کی وجہ سے آئی پی ایل میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے لیکن میری تمام ہمدردیاں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ ہیں۔

جیسن رائے نے رواں سال کے آغاز میں جنوبی افریقہ کی ایس اے ٹونٹی لیگ میں پارل رائلز کی نمائندگی کی جبکہ ابھی پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ جیسن رائے کی جگہ انگلش نوجوان کرکٹر فل سالٹ کو کولکتہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل میں فل سالٹ کی بنیادی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے تھی تاہم کسی فرنچائز نے ان کی خریداری میں دلچسپی نہیں دکھائی جس وجہ سے وہ کسی فرنچائز کا حصہ نہ بن سکے تھے۔