نو مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے ،دس مارچ کو پورے ملک کو جیل خانہ بنا دیاگیا ، سردارلطیف کھوسہ

بدھ 13 مارچ 2024 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ نو مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے ،دس مارچ کو پورے ملک کو جیل خانہ بنا دیاگیا ،کل کسی کوبھی پولیس اٹھا کر بند کرسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہمارے پاس کروڑوںلوگوں کا مینڈیٹ ہے پولیس سے کہا کہ میں رکن قومی اسمبلی ہوں آپ کے پاس کوئی ایف آئی آر ہے کوئی گرفتاری کا وارنٹ ہے تو ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا دس مارچ کو پورے ملک کو ایک جیل خانہ میں تبدیل کردیاگیا کل کسی کو بھی پولیس اٹھا کر بند کرسکتی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں جنگل کا قانون نافذ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹرینز کی اس طرح تضخیک نہیں کی جاسکتی اس طرح کی گرفتاریوں سے اس ایوان کا استحقاق مجروح ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نو مئی کو جو کچھ ہوا اس کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے اور حقائق سب کے سامنے لانے چاہیے تاکہ عوام کوبھی معلوم ہو کہ اس کے اصل مجرم کون ہیں اور کیا محرکات تھے کس نے ملک کیخلاف سازش کی ۔ بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیاگیا ۔