فیصل آباد،ماہ رمضان کی آمد پر مہنگائی کے طوفان نے عوام کی چیخیں نکال دیں

جمعرات 14 مارچ 2024 10:55

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2024ء) فیصل آباد میں ماہ رمضان کی آمد پر مہنگائی کے طوفان نے عوام کی چیخیں نکال دیں، کھانے پینے کی اشیاء 200 فیصد سے بھی زائد مہنگی ہو گئیں، دودھ،دہی،گوشت،پھل اورسبزیاں غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق رمضان کی آمد پر مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا،اشیائے خورد و نوش کے ریٹ دوگنا سے بھی بڑھ گئے،کھانے پینے والی تمام اشیا کے دام کئی گنا زیادہ ہو گئے،سبزی اور فروٹ بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوگیا۔

منافع خوربے لگام ہوگئے، جس کے باعث عوام پریشان ہیں کہ روزہ افطار کیسے کریں گے۔پھل اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں اور گوشت کی قیمتیں بھی قابو سے باہر ہوگئیں۔پیازکی قیمت تین سو بیس روپے فی کلو تک پہنچ گئی جبکہ ادرک پانچ سواورلہسن چھ سو پچاس میں فروخت ہورہا ہے، ہری مرچ تین سو پچاس روپے کلو مل رہی ہے اور بھنڈیوں نے ٹرپل سنچری عبورکرلی ہیدودھ،دہی،گوشت،نان،روٹی اور دیگر اشیاء بھی مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں ضلعی انتظامیہ اپنے ہی جاری کردیا نرخ نامے پر عمل کرانے میں مکمل طور ناکام ہوچکی ہے،مہنگائی اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے برابر ہے، شہریوں نے کہاکہ نگران حکومت نے بجلی اور گیس کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ کر کے ان کی زندگی اجیرن کیے رکھی اب منتخب حکومت کے دور میں مہنگائی کے نئے طوفان نے دہری اذیت کا شکار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

عوام نے شکوہ کیا کہ ناجائز منافع خور بے لگام ہو گئے ہیں، اور من مانے ریٹ وصول کر رہے ہیں اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات نظر نہیں آتے۔