ٹیم ورک کے جذبے کو فروغ دیکر کارکردگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے،گورنر بلوچستان

جمعرات 14 مارچ 2024 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2024ء) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ جدید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ نہ کرنے کے باعث ہماری مجموعی کارکردگی سست روی کا شکار ہے۔ سرکاری دفاتر میں ادنیٰ سی فائل نکلنے میں کئی مہینے لگ جاتے ہیں جس سے قیمتی وقت، توانائی اور سرمایہ وغیرہ ضائع ہوتا ہے اور عام آدمی طویل مایوسیوں کا شکار ہو جاتا ہے۔

گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی آف تربت میں بجلی کے روایتی نظام کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے اور کمیونیکیشن کے نظام کو ڈیجیٹلائزڈ بنانے کو لائق تحسین قرار دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر ڈاکٹر جان محمد بلوچ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ ٹیم ورک کے جذبے کو فروغ دیکر کارکردگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت تمام اداروں کی کارکردگی کی بہتری اور اداروں پر عوام کا اعتماد مستحکم بنانے کی اشد ضرورت ہے، اس کیلئے تمام چھوٹے بڑے اداروں میں احساس ذمہ داری، شفافیت اور خوداحتسابی کی سچی بنیادوں کو یقینی بنا کر ہی ان کے ثمرات کو عام آدمی تک پہنچائے جاسکتے ہیں۔گورنر بلوچستان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی ہمارے اکثر اداروں کے کوائف اور اعداد وشمار کمپیوٹرائزڈ نہیں ہیں ان اور دیگر خامیوں پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے اور آفیسرز کے استعداد کار بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔