نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں کسان مزدور مہاپنچایت منعقد، کسانوں کی بی جے پی حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی

جمعہ 15 مارچ 2024 20:30

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2024ء) بھارت کے دارالحکومت نئی دلی میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے کسانوں کی بڑی تعداد رام لیلا گرائونڈ میں "کسان مزدور مہاپنچایت" میں حصہ لینے کے لیے جمع ہوئی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کسان مزدور مہا پنچایت زراعت کے شعبے سے متعلق بی جے پی کی حکومت کی امتیازی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کے لیے بلائی گئی ہے۔

کسانوں کی تنظیم سمیوکت کسان مورچہ نے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج میں مزیدتیزی لانے کیلئے مہاپنچایت میں ایک قرارداد منظور کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کسانوں نے بی جے پی حکومت کے خلاف شدید نعرہ باز ی کی۔رام لیلا میدان میں کسانوں کے احتجاج کے پیش نظر پولیس نے شہر میں ٹریفک کی ایڈوائزری جاری کی ہے۔بھارتی حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ احتجاج کرنے والے کسانوں کو ٹریکٹر ٹرالیوں پر نئی دہلی میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے دہلی کی سرحدوں پر تعینات پیراملٹری اہلکاروں کی نفری بڑھادی گئی ہے۔

دہلی پولیس نے کسانوں کو ان شرائط پر پروگرام منعقد کرنے کی اجازت دی ہے کہ 5ہزارسے زائد لوگ احتجاج میں شرکت نہیں کریں گے اور دارالحکومت میں کوئی ٹریکٹر ٹرالی نہیں لائی جائیگی نہ ہی کوئی مارچ کیاجائیگا۔