گلگت بلتستان کیلئے پانچ سالہ ڈویلپمنٹ پلان انتہائی اہمیت رکھتا ہے،وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان

جمعہ 15 مارچ 2024 21:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے پانچ سالہ ڈویلپمنٹ پلان مرتب کرنے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کیلئے پانچ سالہ ڈویلپمنٹ پلان انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ صحیح منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے محدود ترقیاتی بجٹ اور وسائل کے استعمال کے حوالے سے چیلنجز درپیش رہتے ہیں۔

صوبے میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے حوالے سے بھی ڈویلپمنٹ پلان کا ہونا لازمی ہے۔ پانچ سالہ ڈویلپمنٹ پلان میں صوبے کے پسماندہ اضلاع پر خصوصی توجہ دینا ہوگا۔پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کے تحت وسائل کا درست استعمال ممکن ہوگا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت صوبے میں بڑے منصوبے شروع کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہماری حکومت کی ترجیح وسائل کا منصفانہ تقسیم، منظم منصوبہ بندی کے تحت صوبے میں تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھاناہے۔

غیر منظم منصوبہ بندی کی وجہ سے ترقی کا عمل متاثر ہورہا ہے۔ مختلف حکومتوں کی پالیسیز کا جاری نہ رہنا بھی ترقیاتی عمل میں رکاوٹ رہا ہے۔ گلگت بلتستان میں ترقی کے عمل کو تیز اور بہتر بنانے کیلئے پہلی مرتبہ 5 سالہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس سے ترقیاتی بجٹ کا بہتر انداز میں استعمال ہوگا جس کے ثمرات عوام کو پہنچیں گے۔ 5 سالہ ترقیاتی پلان میں محکمہ منصوبہ بندی اور محکموں کو سرکاری وسائل پر انحصار کرنے کے بجائے ڈونرز،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اور پرائیویٹ شیئر کی شراکت کی ذمہ داری دی گئی ہے جس سے ہمارے ان تمام پارٹنرز کے ساتھ تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

5 سال بعد حکومت ترقیاتی پلان کا جائزہ لے گی جس سے ترقیاتی عمل میں کمزوریوں کو دو رکیا جائے گا۔ 5 سالہ ترقیاتی پلان میں تمام اضلاع میں غربت کی صورتحال کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ 5 سالہ ترقیاتی پلان میں ترقیاتی سرمای ہکاری کا بہتر استعمال اور مانیٹرنگ پر زور دیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان میں بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں اگر درکاری وسائل میسر ہوں تو بجلی بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے جس سے پرائیویٹ سیکٹر کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

5 سالہ منصوبہ بندی میں گلگت بلتستان کو سیاحت کا مرکز بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ صوبے میں موجود وسیع معدنی وسائل کا صحیح استعمال پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینا اس پلان میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ صحت کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر درکار ماہرین کو مدنظر رکھتے ہوئے افرادی قوت تیار کیا جائے گا۔

کسی بھی علاقے کی ترقی میں پرائیویٹ سیکٹر کا اہم کردار ہوتا ہے جس کی وجہ سے حکومت نے اپنے وسائل کو پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے بروئے کار لانے کیلئے منصوبہ بنایا ہے جس کو مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور SIFC کیساتھ مشاورت کی جائے گی۔ اس مشاورتی نشست کے بعد دستاویزات کو منظوری کیلئے متعلقہ فورم میں پیش کیا جائے گا جس کی منظوری کے بعد عملدرآمد کا مرحلے آئندہ سال سے شروع ہوگا۔