دس برس بعد،افتخار چوہدری کا عمران خان پر ہتک عزت کا دعوی خارج

ہفتہ 16 مارچ 2024 17:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2024ء) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے 10 سال بعد سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے ہتک عزت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی پر 20 ارب روپے ہرجانہ کا دعوی خارج کردیا۔اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دائر کیا گیا دعوی خارج کر دیا، 2013 انتخابی دھاندلی کے الزامات پر جنوری 2015 میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے دعویٰ دائر کیا تھا اس حوالے سے ایڈیشنل سیشن جج حسینہ ثقلین نے چھ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

ہتک عزت دعویٰ میں کہا گیا تھا بانی پی ٹی آئی نے عدلیہ کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کی بوچھاڑ کی۔عدالت نے فیصلے میں کہا کہ دعوی کے مطابق 27 جون 2014 کے بیان میں بانی پی ٹی آئی نے توہین آمیز الفاظ استعمال کیے، ہتک عزت کا دعوی چھ ماہ 24 دن بعد 20 جنوری 2015 کو دائر ہوا۔عدالت نے کہا کہ 2002 کے قانون کے مطابق چھ ماہ کے اندر دعوی دائر کرنا ضروری ہے، قانونی طور پر توہین آمیز بیان کے چھ ماہ کے دوران دعوی دائر نہیں ہوا، اس بنیاد پر سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کا دعوی خارج کیا جاتا ہے۔