عورت کے حقوق کا تحفظ اسلام کی تعلیمات سے ممکن ہی:علامہ رانا ادریس

ہفتہ 16 مارچ 2024 22:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2024ء) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام عزیز بھٹی ٹائون میں ’’اسلام میں عورت کا مقام اور کردار‘‘ کے موضوع پر درس عرفان القرآن دیتے ہوئے کہاکہ عورت کے حقوق کا تحفظ اسلام کی تعلیمات سے ممکن ہے اسلام نے عورت کے وقار کے منافی رسومات کا خاتمہ کیا۔

خواتین کسی بھی معاشرہ کی ترقی کا اہم ترین جز ہیں، آج کی خواتین کو امہات المومنین کے اسوہ کو اختیار کرنا ہو گا۔ اسلام کی آمد سے قبل عورت بہت مظلوم اور معاشرتی و سماجی عزت و احترام سے محروم تھی۔دین اسلام کی آمد عورت کیلئے ظلم و استحصال کے بندھنوں سے آزادی کا پیغام بنی ۔انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ’’ جس نے تین لڑکیوں کی پرورش کی ان کی تعلیم و تربیت کی،ان کی شادی کی اور ان کے ساتھ حسن سلوک کیا تو اس کیلئے جنت ہے۔

(جاری ہے)

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ اسلام دنیا کا وہ واحد مذہب ہے جس نے عورتوں کو حقوق دئیے۔علامہ رانا محمد ادریس تحریک منہاج القرآن لاہورکے تحت عزیز بھٹی ٹائون میں جاری 5 روزہ دروس عرفان القرآن کی چوتھی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔نماز فجر کے بعد شروع ہونے والے درس عرفان القرآن میںناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور،پیر سید انعام اللہ شاہ،علامہ صاحبزادہ ظہیر نقشبندی،پروفیسر ذوالفقار علی،قاری ریاست علی چدھڑ،شہباز حسین بھٹی،شفاقت مغل،حاجی محمدارشد،اسلم پرویز،حاجی امجد علی قادری،کیپٹن(ر) عبد المجید،معراج خالد قادری،حاجی احمد صادق سمیت اہم علمی،سیاسی،سماجی مذہبی شخصیات،تاجر برادری اور مرد و خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی۔

درس عرفان القرآن کے بعد ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے اہم شخصیات میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ترجمہ قرآن(عرفان القرآن) کے نسخے بطور تحفہ پیش کئے۔رمضان المبارک میں منہاج القرآن کے زیر اہتمام لاہور سمیت ملک کے 120شہروں میں دوروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے،صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری آج 17مارچ(اتوار) کو نماز فجر کے بعد آج کی نوجوان نسل دین سے دور کیوں کے موضوع پر درس قرآن دیں گے۔