شاہد آفریدی کا پولیس اینیمل ریسکیو سنٹر وسپیشل انیشیئٹو پولیس اسٹیشن گلبرگ کا دورہ

اتوار 17 مارچ 2024 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2024ء) مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی نے اتوار کے روز سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کے ہمراہ پہلے پولیس اینیمل ریسکیو سنٹر گلبرگ کا دورہ کیا، شاہد آفریدی نے ریسکیو کئے گئے جانوروں کو سنٹر میں فراہم سہولتوں کا جائزہ لیا اور پولیس اینیمل ریسکیو سنٹر کو بے سہارا، زخمی اور بیمار جانوروں کے علاج و بحالی کیلئے مثالی پراجیکٹ قرار دیا، شاہد آفریدی نے کہا کہ خدمت خلق کے اس اہم سنگ میں اینیمل ریسکیو سنٹر کو ورکنگ میں ہر ممکن سپورٹ فراہم کریں گے، پولیس اینیمل ریسکیو سنٹر بیسہارا، زخمی جانوروں کے علاج معالجے و بحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،انہوں نے کہاکہ دیگر صوبوں کی پولیس فورسز اور دیگر اداروں کو بھی پنجاب پولیس اینیمل ریسکیو سنٹر جیسے ادارے بنانے چاہئیں، اے ایس پی سیدہ شہر بانو نقوی اور جے ایف کے کی سی ای او ذوفشاں انوشے نے شاہد آفریدی کو اینیمل ریسکیو سنٹر بارے بریفنگ دی،شہر بانو نقوی نے بتایا کہ لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں پنجاب پولیس کے اینیمل ریسکیو سنٹرز (PARC) فعال ہیں، پولیس اینیمل ریسکیو سنٹرز پنجاب پولیس اور جانوروں کے حقوق کیلئے سرگرم تنظیم کے اشتراک سے قائم کئے گئے ہیں، پولیس اینیمل ریسکیو سنٹرز میں ویٹرنری ڈاکٹرز، ایمبولینس، ریسکیو سٹاف، پولیس ٹیم موجود ہیں، شاہد آفریدی نے بعد میں مشتاق احمد کے ہمراہ سپیشل انیشیئٹو پولیس اسٹیشن گلبرگ کا بھی دورہ کیا، اے ایس پی گلبرگ سیدہ شہر بانو نے شاہد آفریدی کو سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشن، سائبان دفتر کی ورکنگ بارے آگاہ کیا، شاہد آفریدی نے کہا کہ تھانوں اور پبلک سہولیات ،مراکز کی اپ گریڈیشن شہریوں کو خدمات کی فراہمی کیلئے پنجاب پولیس کا احسن اقدام ہے۔