Live Updates

جب تک اتفاق رائے پیدا نہیں ہوتا، ملک نہیں چلا سکتے، شاہد خاقان عباسی

تحریک انصاف کے مطالبے پر حلقے کھول بھی دئیے جائیں تو فرق نہیں پڑے گا ،سابق وزیراعظم

اتوار 17 مارچ 2024 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2024ء) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے عدلیہ، عسکری اور سیاسی قیادت کو مل بیٹھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک اتفاق رائے پیدا نہیں ہوتا، ملک نہیں چلا سکتے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت نہیں بلکہ صرف کرسیوں کی بندر بانٹ ہے۔

انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی حکومت کو سپورٹ کر رہی ہے لیکن اتحادی نہیں ہے، دو صوبوں میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، صدر بھی ان کا ہے اور سینیٹ بھی انکا ہے، آپ کیسے حکومت چلائیں گی انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے مطالبے پر حلقے کھول بھی دئیے جائیں تو فرق نہیں پڑے گا کیونکہ ہم نے نظام کو پکا کر لیا ہے کہ دھاندلی کیسے کرتے ہیں، اب یہ دھاندلیاں پکڑی نہیں جا سکتیں۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آپ جب تھیلے کھولیں گے تو وہاں پر ساری غلطیاں درست ہو چکی ہوں گی،ملک میں فارم 45اور 47والی دھاندلی نہیں پکڑی جا سکتی۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے بات کرنی پڑے گی کیونکہ آپ مانیں یا نہ مانیں تحریک انصاف نے سیٹیں لی ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ عدلیہ، عسکری اور سیاسی قیادت کو مل کر بیٹھنا ہو گا اور جب تک ملک میں اتفاق رائے پیدا نہیں ہوتا، آپ ملک نہیں چلا سکتے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات