وکٹری سپیچ میں پوتین کا مغربی رہنمائوں کو تیسری جنگِ عظیم کا انتباہ

یقینی بنا رہے ہیں کہ سرحد یوکرینی حامی فوجیوں کے حملوں سے محفوظ رہیں،خطاب

پیر 18 مارچ 2024 12:09

وکٹری سپیچ میں پوتین کا مغربی رہنمائوں کو تیسری جنگِ عظیم کا انتباہ
ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2024ء) پانچویں بار روسی صدر منتخب ہونے والے ولادیمیر پوتین نے مغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین میں مغربی افواج کی موجودگی اور نیٹو کی مداخلت دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر دھکیل سکتی ہے۔روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق انتخابات میں کامیابی کے بعد خطاب کرتے ہوئے پوتین نے مغربی ممالک کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو بتایا کہ اس طرح کے ردعمل کی انہیں توقع تھی۔

انہوں نے اپنے حامیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ ان سے کیا امید کر رہے تھی کیا یہ ہمارے لیے تالیاں بجائیں گی وہ ہمارے خلاف ہیں، ان کا مقصد ہماری ترقی کو محدود کرنا ہے، اس لیے وہ کچھ بھی کہتے رہیں گے۔پوتین نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ سرحد یوکرینی حامی فوجیوں کے حملوں سے محفوظ رہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ بطور صدر ان کا پہلا کام یوکرین جنگ سے نمٹنا، فوج کو مضبوط بنانا اور دفاع کو بہتر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

جب ان سے نیٹو کے ساتھ براہ راست تصادم کے امکان کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ آج کی دنیا میں کچھ بھی ممکن ہی.، یوکرین میں مغربی فوج کی موجودگی دنیا کو تیسری جنگ عظیم کے دہانے پر پہنچا سکتی ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بھی ایسا چاہتا ہے۔