نیب انٹیلی جنس ونگ نے اہم کارروائی کرتے ہوئے جعلی چیئرمین نیب کوساتھی سمیت گرفتار کر لیا

اویس ظہور ،عامر ظہور کو سادہ لوح شہریوں سے بلیک میلنگ اور بھاری رقوم وصول کرنے کے الزامات پر گرفتار کیا گیا

پیر 18 مارچ 2024 13:15

نیب انٹیلی جنس ونگ نے اہم کارروائی کرتے ہوئے جعلی چیئرمین نیب کوساتھی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2024ء) قومی احتساب بیورو (نیب )لاہور کے انٹیلی جنس ونگ نے لاہور میں اہم کارروائی کرتے ہوئے جعلی چیئرمین نیب ساتھی سمیت گرفتار کر لیا ۔ ملزمان دو بھائیوںاویس ظہور اور عامر ظہور کو سادہ لوح شہریوں کو نیب کے سینئر افسر کے نام پر بلیک میلنگ اور بھاری رقوم وصول کرنے کے الزامات پر گرفتار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ملزمان اویس ظہور اور عامر ظہور کے خلاف نیب کے سینئر آفیسر کا نام استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو ڈرا دھمکا کر اور غیر ضروری دبائو ڈالتے ہوئے غیر قانونی طور پررقوم وصول کرنے کی شکایات موصول ہوئیں جن پر نیب کے اعلی حکام کی جانب سے فوری کارروائی کے احکامات صادر کئے گئے۔ نیب لاہور انٹیلی جنس ونگ کی جانب سے ان احکامات پر باقاعدہ کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا جنہیں مزید تحقیقات کیلئے تھانہ چوہنگ کے حوالہ کر دیا گیا ۔

نیب لاہور اس سے قبل بھی متعدد جعلی نیب افسران کی گرفتاری عمل میں لاچکا ہے۔ نیب لاہور کی جآنب سے اس ضمن میں آگاہ کیا جاتا ہے کہ نیب سے متعلقہ کسی بھی مشکوک صورتحال یا شکایت کی صورت میں نیب انٹیلی جنس ونگ یا ترجمان نیب سے فوری رابطہ کیا جائے۔