اسری یونیورسٹی حیدرآباد میں ’’سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد اور غیر مناسب سرگرمیوں کی روک تھام‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

پیر 18 مارچ 2024 17:06

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) اسریٰ یونیورسٹی حیدرآباد میں ’’سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد اور غیر مناسب سرگرمیوں کی روک تھام‘‘کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد جدید دور میں توہین رسالتﷺ کے حساس مسئلے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالتﷺ کے حوالے سے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم سوشل میڈیا پر گستاخانہ سرگرمیوں کو اپ لوڈ کرنے، شیئر کرنے اور ان میں ملوث ہونے کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ مذاہب، انبیاء کرام، مقدس کتابوں اور مقدس ہستیوں کی اہمیت اور احترام کو ابھارنے میں والدین اور اساتذہ کا بڑا کردار ہے،نوجوانوں کو نئی ٹیکنالوجی کے مثبت اور منفی پہلوؤں سے باخبر رکھنا وقت کی انتہائی اہم ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی امجد شیخ نے تمام یونیورسٹیوں سمیت تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر توہین رسالت ؐکی لعنت کو روکنے کے لیے طالبعلموں سمیت عام عوام میں شعور بیدار کرنے، وسائل کو متحرک کرنے اور اصلاحی اقدامات کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسریٰ اسلامک فائونڈیشن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حمیداللہ قاضی نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر اور توہین رسالتﷺ کی روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ ہم بحیثیت مسلمان ایک نظریہ پر قائم رہیں اور دنیا بھر کو بتا دیں کہ ناموس رسالتﷺ پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے بس ہم سب کو اپنی ذمہ داری سمجھنے کی ضرورت ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر حمیداللہ قاضی نے خبردار کیا کہ پاکستان کے دشمن اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حمیداللہ قاضی کا کہنا تھا کہ خطرے سے نمٹنے کے لیے، مقدس ہستیوں، کتابوں اور مذہبی معاملات کے بارے میں عوام کو بیدار کرنے کے لیے مضبوط رابطوں کی اشد ضرورت ہے،سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ریاست کی مداخلت اور کردار بھی انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ آلہ وسلم کی زندگی مسلمانوں کے لیے نمونہ ہے اور آپﷺ کی سیرت وہ طاقت ہے جس کی بنیاد پر پاکستان کو اس کا جائز مقام دیا جا سکتا ہے۔ سیمینار میں اسریٰ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر احمد ولی اللہ قاضی سمیت ڈینز، رجسٹرار، فیکلٹی ممبران، یونیورسٹی و ہسپتال کے ملازمین اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔