راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی ایف بی آرسے ایس آر او پر نظر ثانی کی اپیل

پیر 18 مارچ 2024 22:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ثاقب رفیق نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے اپیل کی ہے کہ وہ ایس آر او 350(I)/2024 پر نظرثانی کرے۔ تاجر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیمبر کے صدرثاقب رفیق نے کہا کہ اس ترمیم سے کاروباری شعبہ متاثر ہوسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس آر اوکے ذریعے سیلز ٹیکس رولز 2006ء میں ترمیم کی گئی ہے، یہ ترمیم 21مختلف شعبوں/مصنوعات کے ریٹیلرز کو متاثر کررہی ہے کیونکہ ان کے پاس مطلوبہ مہارت، تکنیکی مہارت اور مالی مسائل کا فقدان ہے۔

ثاقب رفیق نے کہا کہ بائیومیٹرک تصدیق کی شرط بظاہر درست اقدام ہے تاہم اس سے تاجروں کے مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انفرادی طور پر، کسی ایسوسی ایشن کے ممبریا پھر سنگل شیئرہولڈر کمپنی کے ڈائریکٹر کو ہر سال جولائی میں بائیومیٹرک تصدیق کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ای سہولت سنٹر پر جانا پڑے گا، اگر وہ ایسا نہ کرسکے تو پھر اس کی الیکٹرانک ریٹرن فائلنگ پر پابندی لگ جائے گی ۔