گستاخانہ مواد کی اشاعت روکنے کیلئے سوشل میڈیا سے متعلق قانون سازی کو یقینی بنانا چاہیے، سیمینار سے شرکاء کاخطاب

پیر 18 مارچ 2024 23:08

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز اور ریاض شاد ہم نصابی فورم کے باہمی اشتراک سے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد اور سرگرمیوں کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا،سیمینار میں پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین سمیت فیکلٹی ممبران اور سٹوڈنٹس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بطور مسلمان تمام آسمانی کتابوں اور مذاہب کا احترام ہم پر فرض ہے۔ہمیں چاہیے کہ گستاخانہ مواد اور سرگرمیوں کا جواب علمی اعتبار سے دیں اور متشددانہ رویوں کی حوصلہ شکنی کریں کیونکہ اسلام تو امن کا مذہب ہے اور امن کا پیغام دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آزادی اظہار رائے کے حق کا استعمال کرتے ہوئے دوسروں کے جذبات کو ملحوظ خاطر رکھنا نہایت ضروری ہے تاکہ کسی بھی مذہب سے وابستہ افراد کے جذبات مجروع نہ ہوں سوشل میڈیا پر مذہبی جذبات مجروح کرنے والے گستاخانہ مواد کی اشاعت کو روکنے کیلئے سوشل میڈیا سے متعلق قانون سازی کو یقینی بنانا چاہیے۔

اقوام عالم کو یہ بات یقینی بنانا چاہیے کہ کسی بھی مذہب کی مقدسات کی توہین نہ ہو۔انہوں نے اسلاموفوبیا اور سوشل میڈیا پر توہین رسالت ﷺ روکنے کے لئے شعور بیدار کرنےپر زور دیا۔