غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی شہادتوں پر امت مسلمہ خون کے آنسو رورہی ہے، حافظ محمد ابراہیم نقشبندی

پیر 18 مارچ 2024 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) الکہف ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے چیئرمین اورمعروف روحانی و اصلاحی شخصیت پیر حافظ محمد ابراہیم نقشبندی نے پیر کے روز یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ رمضان المبارک میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی شہادتوں پر ایک طرف امت مسلمہ خون کے آنسو رورہی ہے ،دوسری طرف اسرائیلی درندگی و جارحیت پر اقوام متحدہ،عالمی قوتوں اورانسانی حقوق کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد و فتح کیلئے خصوصی دعائیں کریں، مظلوم فلسطینیوں کی فتح امت مسلمہ کی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک، رحمت،بخشش،مغفرت،صدقہ وخیرات اورمواخات کا مہینہ ہے، ہمیں معاشرہ کے مستحق افراد کو محرومیوں سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الکہف ایجوکیشنل فاؤنڈیشن رمضان المبارک میں بیواؤں، یتیموں اور دیگر ضرورت مند افراد کے لیے راشن پیکج فراہم کرنے کے سا تھ ساتھ مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں افطاری کا بھی اہتمام کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینکڑوں ضرورت مندوں کی ماہانہ کفالت، مستحق افراد کی امداد، تعلیم،علاج معالجہ، سردیوں میں گرم کپڑوں اور رضائیوں کی تقسیم، صاف پانی کی فراہمی اور سستی روٹی مہیا کرنے کا سلسلہ بھی الکہف ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری ہے ۔ اس لیے مخیر حضرات اس مقدس مہینے میں الکہف ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے دست و بازو بنیں تاکہ ہم مل کر انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھ سکیں۔