پنجاب میں گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈائون جاری، 3288افرادگرفتار، 1181مقدمات درج

چیف سیکرٹری پنجاب کا نا جائز منافع خوروں کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے، نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم

منگل 19 مارچ 2024 15:02

پنجاب میں گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈائون جاری، 3288افرادگرفتار، 1181مقدمات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرصوبہ میں گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے اوررمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں گر اںفروشی پرتین ہزار دو سو 88افراد کوگرفتار اور ایک ہزارایک سو 81مقدمات درج کئے گئے۔ پرائس مجسٹریٹس نے چار لاکھ 35ہزار مقامات کی انسپکشنز کیں اورخلاف ورزیوں پر چار کروڑ سے زائد کے جرمانے عائد کئے۔

گر اںفروشوںکے خلاف کارروائیوں سے متعلق رپورٹ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کی گئی۔اجلاس میں رمضان پیکج کے تحت راشن بیگز کی فراہمی اور پرائس کنٹرو ل اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔صنعت، زراعت کے محکموں کے سیکرٹریز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری،تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ نا جائز منافع خوروں کیخلاف جاری کریک ڈائون تیز کر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنائیں،اشیاء کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل برانچ کی نشاندہی پر خصوصی انسپکشنز کی جائیں، پرائس مجسٹریٹس فیلڈ میں پوری طرح متحرک رہیں اورگر اںفروشی پر سخت کارروائی عمل میں لائیں۔

چیف سیکرٹری نے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، سرگودھا، میانوالی میں مستحق افراد کو راشن بیگز کی فراہمی تیز کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں اور کہا کہ مستحق افراد کو انکا حق جلد از جلد انکی دہلیز تک پہنچایا جائے ۔صنعت اور زراعت کے محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ نگہبان رمضان پیکج کے تحت 38لاکھ راشن بیگز مستحق افراد تک پہنچا دیئے گئے ہیں۔گزشتہ روزایک لاکھ13ہزار صارفین رمضان بازاروں میں قائم ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس سے مستفید ہوئے۔ ان فیئر پرائس شاپس پر 13اشیاء پر روزانہ دو کروڑ روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :