وزیر اعظم کا جولین تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم کیلئے 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان

ارشد ندیم آپکی محنت اور لگن نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے ، کم وسائل کے باوجود ورلڈ چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنا قابل فخر ، پاکستان میں بے پنا ٹیلنٹ ہے اسے نکھارنے کی ضرورت ہے : شہباز شریف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 19 مارچ 2024 16:18

وزیر اعظم کا جولین تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم کیلئے 25 لاکھ روپے انعام کا ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 مارچ 2024ء ) وزیراعظم شہبازشریف نے ارشد ندیم کو 25 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے اولمپین ارشد ندیم سے ملاقات کی جس دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کم وسائل کے باوجود ورلڈ چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنا قابل فخر ہے ، ارشد ندیم آپ کی محنت اور لگن نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے ، جولین تھرو کھیل کی ترویج کیلئے ارشد ندیم کی خدمات قابل قدر ہیں، پاکستان میں بے پنا ٹیلنٹ ہے اسے نکھارنے کی ضرورت ہے ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ارشد ندیم کے آبائی علاقے میں زیر تعمیر سپورٹس کمپلیکس کا کام بھی تیز تر کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ہنگری میں ہونے والی عالمی چیمپیئن شپ میں ارشد ندیم نے 87.82 میٹر کے تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ بن کر ملک کے لیے تاریخ رقم کی، ہندوستان کے نیرج چوپڑا سے بالکل نیچے جنہوں نے 88.17 میٹر کے تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا تھا۔

(جاری ہے)

ایونٹ کے دوران انہوں نے پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی بھی کیا۔ تاہم گزشتہ سال وہ فٹنس مسائل کی وجہ سے ایشین چیمپئن شپ، ایشین گیمز اور ایشین تھرونگ چیمپئن شپ سے باہر ہو گئے تھے۔ ارشد ندیم کا ذاتی بہترین تھرو 90.18 میٹر ہے جسے انہوں نے 2022ء میں برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں سنبھالا تھا۔ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کا ایونٹ فرانس کے سب سے بڑے مقام اسٹیڈ ڈی فرانس میں منعقد ہوگا۔ کوالیفائنگ راؤنڈ 6 اگست کو ہوگا جس کا فائنل 8 اگست کو ہوگا۔