ملکی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ،محسن نقوی

پاکستان پر حملہ کرنے والوں کو انہی کی زبان میں جواب دیں گے، دہشتگردی کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا،وفاقی وزیر داخلہ کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 19 مارچ 2024 16:28

ملکی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ،محسن نقوی
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 مارچ2024 ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے ہم ملکی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور کسی بھی عمل کا فوری ردعمل دیں گے،پاکستان پر حملہ کرنے والوں کو انہی کی زبان میں جواب دیں گے، دہشتگردی کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس جانا ہوگا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ ویزہ لیں اور پھر واپس آئیں۔

پاکستان کے خلاف منصوبہ بندی کرنے والوں کو انہی کی زبان میں جواب دیں گے۔دہشت گردوں سے کمپرومائز نہیں کیا جائے گا، ملکی خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ آزادی اظہار پر پابندی نہیں ہے لیکن اس کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ اس وقت کچھ چیلنجز درپیش ہیں،ملک میں دہشتگردی کی ایک لہر آئی ہوئی ہے، ہم انشاءاللہ دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے ، کسی پر غلط الزام لگانا غلط بات ہے۔

(جاری ہے)

افواج اور عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جارہی ہے، ابھی امریکہ میں کئی چیزوں کے بعد چارچ شیٹ لگاکر ٹک ٹاک بند ہوا ہے، آزادی اظہار رائے پر پابندی نہیں ہونی چاہیے۔جو سوشل میڈیا کو غلط اور منفی انداز میں استعمال کررہے ہیں ان کو دیکھنا پڑے گا۔سینیٹ انتخابات میں نامزدگی کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں سیاسی جماعتوں اور دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے سینیٹ کیلئے مجھے نامزد کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ دونوں عہدوں پر 24 گھنٹے کام کروں گا، سوشل میڈیا قوانین آنے چاہئیں، سوشل میڈیا کا غلط استعمال ہو رہا ہے، دنیا بھر میں سوشل میڈیا قوانین رائج ہیں۔ ایف آئی اے میں تبدیلی لانے کی کوشش کریں گے۔ ایف آئی اے میں محنتی لوگوں کو سامنے لائیں گے۔آپ ایف آئی اے میں مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔مجھے آج تک منی لانڈرنگ کے معاملے میں طلب نہیں کیا گیا۔