Live Updates

لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے 2 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی بری

پہلے عمران خان کی درخواست بریت پر بحث کرلیں، اگر عمران خان کو عدالت لاتے ہوئے راستے میں کچھ ہوگیا تو کون ذمہ دار ہوگا ، جو ڈیشل مجسٹریٹ

منگل 19 مارچ 2024 17:43

لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے 2 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی بری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ کے 2 کیسز میں بانی تحریک انصاف عمران خان کی بریت کی درخواست منظور کرلی۔عمران خان کی لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ کے 2 مقدمات میں عدالت پیشی اور بریت کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے سماعت کی۔عمران خان کے وکلا نعیم حیدر پنجوتھا، سردار مصروف اور آمنہ علی عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت نعیم حیدر پنجوتھا نے استدعا کی کہ عمران خان کو عدالت طلب کیا جائے۔جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے ریمارکس دیے کہ پہلے عمران خان کی درخواست بریت پر بحث کرلیں، اگر عمران خان کو عدالت لاتے ہوئے راستے میں کچھ ہوگیا تو کون ذمہ دار ہوگا ۔

(جاری ہے)

نعیم پنجوتھا نے کہا کہ عمران خان اس سے قبل بھی خود سے عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں، زمان پارک آپریشن کیاگیا، وارنٹ نکالے گئے، حکومت کا کام سیکیورٹی مہیا کرنا ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ عمران خان کی موجودگی میں دلائل دینا چاہتے ہیں، تاہم عدالت نے عمران خان کی عدالت پروڈکشن کی درخواست مسترد کردی، جج شائستہ کنڈی نے ریمارکس دیے کہ ضمانت پر حاضری ضروری ہوتی، بریت پر سماعت کے لیے پروڈکشن (عدالت میں پیش کیا جانا) ضروری نہیں۔عمران خان کی درخواستِ بریت پر وکیل نعیم پنجوتھا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر تمام مقدمات میں صرف ایما کی حد تک ہیں، ایک ہی دن میں متعدد مقدمات درج ہوئے، عمران خان کا ایک ہی طرح کا کردار رکھا۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیاگیا، نہ بتایاگیا، مدعی ایس ایچ او ہے جس کو مقدمہ درج کرنے کا اختیار نہیں، عمران خان پر درج مقدمات میں گواہان کے بیانات بھی نہیں۔جج شائستہ کنڈی نے استفسار کیا کہ کیا اس سے پہلے بھی عمران خان مقدمات میں بری ہو چکی وکیل نعیم پنجوتھانے جواب دیا کہ اس سے قبل بھی عمران خان متعدد مقدمات سے بری ہو چکے۔عدالت نے عمران خان کی لانگ مارچ توڑپھوڑ کے دونوں کیسز میں بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کیسز میں عمران خان کی بریت کی درخواست منظور کرلی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات