غریب بیواؤں کو رمضان ریلیف پیکج میں شامل کیا جائے ،مشال اعظم یوسفزئی

منگل 19 مارچ 2024 17:44

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مشیر برائے زکوٰۃ و عشر، سماجی بہبود و ترقی نسواں مشال اعظم یوسفزئی نے کہا ہے کہ کسی بھی افسر یااہلکار کی ایک جگہ پر تین سال سے زیادہ عرصہ تک پوسٹنگ نہیں ہوگی۔ تین سال سے زیادہ عرصے گزارنے والے افسران و اہلکاروں کے تبادلے کیے جائیں گے۔ٹیم ورک کے ساتھ تیز رفتاری سے آگے بڑھنا ہے۔

رمضان دستر خوان کے اعدادوشمار سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے۔ رمضان دستر خوان میں کسی قسم کی غفلت و کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ غریب بیواؤں کو رمضان ریلیف پیکج میں شامل کیا جائے تاکہ کوئی غریب بیوہ اس پیکج سے محروم نہ رہے۔ دارلامان میں سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔منشیات کی روک تھام کیلئے پولیس اور دوسرے محکموں کے ساتھ ملکر بھرپور مہم چلائیں تاکہ اس ناسور کو معاشرے سے ختم کیا جا سکے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سماجی بہبود کے افسران و ضلعی ڈائریکٹرز کے تعارفی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی کو محکمے کے جاری منصوبوں اور مختلف اضلاع میں درپیش مسائل و چیلنجز سے آگاہ کیاگیا۔ مشال اعظم یوسفزئی نے ہدایت کی کہ اسپیشل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ کے بچوں کے لئے ٹرانسپورٹ کیلئے اقدامات اٹھائیں جہاں ضرورت ہو وہاں کرائے پر گاڑیوں کا انتظام کیا جائے۔ مشیر وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ جہاں بھی خواتین کو کوئی مسئلہ درپیش ہو اس کے حل کیلئے ضلعی ڈائریکٹرز ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں ۔