بزنس کمیونٹی دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہے،یو بی جی

منگل 19 مارچ 2024 23:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2024ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ متحد رہنے کے عزم کا اظہارکیا ہے۔یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر،صدر زبیر طفیل، چیئرمین سندھ ریجن خالد تواب، سیکریٹری جنرل سندھ ریجن حنیف گوہر، ایف پی سی سی آئی توانائی کمیٹی کے کنوینر اور پیٹرولیم اور سی این جی انڈسٹری کے لیڈرملک خدا بخش اور دیگر نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے افسران اور اہلکاروں کی حالیہ شہادت کی روشنی میں یو بی جی کی قیادت نے ان کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور مسلح افواج کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قوم کی حفاظت اور مذموم عناصر کے خلاف ملک کی دفاعی مضبوطی کو برقرار رکھنے میں فوج کے انمول کردار کا اعتراف کیا۔یو بی جی کی قیادت نے پاکستانی فوجیوں کی بہادری کی تعریف کی، ملک کے اندر دہشت گردی، عسکریت پسندی اور شورش کا مقابلہ کرنے میں ان کی انتھک کوششوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پوری قوم کی حمایت سے مسلح افواج پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے اور اس کی جڑیں ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔قومی اتحاد اوریکجہتی پر زور دیتے ہوئے یو بی جی کے رہنمائوںنے اس بات کی تصدیق کی کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور قوم ان کی قربانیوں کے بدلے انصاف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔#