نگراں حکومت کا تصور ختم کرنے پر (ن)لیگ اور پی ٹی آئی میں اتفاق

پچھلی نگراں حکومت کے تمام چہروں کو منظر سے ہٹ جانا چاہیے،عرفان صدیقی حکومت کے پاس ٹو تھرڈ میجورٹی ہے حکومت آئینی ترمیم کے ذریعے نگراں حکومت کا تصور ختم کردے،ہمایوں مہمند

منگل 19 مارچ 2024 22:30

نگراں حکومت کا تصور ختم کرنے پر (ن)لیگ اور پی ٹی آئی میں اتفاق
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) مسلم لیگ (ن)اور تحریک انصاف کے رہنمائوں نے نگراں حکومت کا تصور ختم کرنے پر اتفاق کرلیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں(ن) لیگ کے سینیٹر عرفان صدیقی اور پی ٹی آئی کے سینیٹر ہمایوں مہمند نے اتفاق کیاکہ آئینی ترمیم کے ذریعے نگران حکومت کے تصور کو ختم کردینا چاہیے۔

(جاری ہے)

ن لیگ کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اگر نگراں حکومت کے لوگ نئی حکومت میں نظر آئیں گے تو اس کا یہ مطلب لیا جائے گا کہ نگران حکومت کے دوران انہوں نے کھیتی کاشت کی تھی جس کی وہ فصل کاٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی نگراں حکومت کے تمام چہروں کو منظر سے ہٹ جانا چاہیے۔سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ حکومت کے پاس ٹو تھرڈ میجورٹی ہے حکومت آئینی ترمیم کے ذریعے نگراں حکومت کا تصور ختم کردے۔