چاہتا ہوں محمد رضوان اپنی بیٹنگ کی رفتار میں اضافہ کریں : مصباح الحق

31 سالہ کھلاڑی نے پی ایس ایل 9 میں 122.22 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 مارچ 2024 12:19

چاہتا ہوں محمد رضوان اپنی بیٹنگ کی رفتار میں اضافہ کریں : مصباح الحق
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 مارچ 2024ء ) پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق چاہتے ہیں کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اپنی بیٹنگ کی رفتار میں اضافہ کریں۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن نو میں 31 سالہ وکٹ کیپر بیٹر نے ملتان سلطانز کو فائنل میں پہنچایا اور رنر اپ کے طور پر ٹورنامنٹ کا اختتام کیا۔ انہوں نے 407 رنز بنائے تاہم ان کا اسٹرائیک ریٹ صرف 122.22 تھا۔

ایک مقامی اسپورٹس چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح نے بتایا کہ رضوان کی رفتار تھوڑی سست ہے۔ انہوں نے کہا کہ “محمد رضوان لمبی اننگز کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن بیٹنگ کی رفتار قدرے سست ہے۔ اسے اس میں اضافہ کرنا پڑے گا۔" اس دوران رضوان نے بھی قبول کیا کہ وہ پی ایس ایل 9 میں اپنی بیٹنگ سے خوش نہیں تھے۔

(جاری ہے)

فائنل کی تقریب میں انہوں نے کہا کہ میں اپنی بیٹنگ سے بالکل مطمئن نہیں ہوں میں پاکستان کے لیے کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کے لیے ہمیشہ دستیاب ہوں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد نے 2016ء اور 2018ء میں فتح حاصل کرنے کے بعد اپنا تیسرا پی ایس ایل ٹائٹل اپنے نام کیا اور ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم بن گئی۔ سنسنی خیز مقابلے کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا جب حنین شاہ نے ہوشیاری سے پوائنٹ پر موجود خلا کی نشاندہی کی اور گیند کو چار کے لیے کھیل دیا۔