ادرک کی کاشت کے لئے موزوں ترین مہینہ مارچ ہے، محکمہ زراعت

بدھ 20 مارچ 2024 13:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کوپنجاب کے میدانی علاقوں میں ادرک کی کاشت رواں ماہ مارچ جبکہ پہاڑی علاقوں میں مئی کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، چونکہ ادرک غذائی اور طبی لحاظ سے انتہائی اہمیت کاحامل ہے اس لئے اس کی زیادہ سے زیادہ رقبے پر کاشت کےلئے اقدامات کئے جائیں۔ محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ترجمان نےبتایاکہ ادرک گرم اور مرطوب آب وہوا میں بہتر افزائش کرتاہے جس کا پودا ایک سے اڑھائی فٹ تک لمبا ہوتاہے،ادرک کاقابل استعمال حصہ جڑ ہے جو آلو، شکرقندی، ہلدی کی طرح زمین میں پیدا ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ہمارے ہاں زیادہ تر ادرک چین، برما، تھائی لینڈ، مڈغاسکر اور بھارت سے آتاہے لہٰذاچائے کی طرح ادرک بھی یہاں اگانے کی بجائے باہر سے منگوانا پڑتاہے،مقامی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ اچھی نکاس والی زمین میں ادرک کی بہتر فصل پیدا ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ادرک کی کاشت مری، جہلم،اٹک، شکر گڑھ، بجوات، کوئٹہ وغیرہ کے علاقوں میں زیادہ ہوتی ہے تاہم وسطی پنجاب میں دریاؤں کے ساتھ ساتھ مثلاً لاہور، قصور اور شرقپور کے گردونواح میں لیچی اور دیگرپھلوں کے درمیانے سائز کے باغات میں اس کی کامیابی کے کچھ امکانات موجود ہیں لیکن وسطی پنجاب میں اس کی وسیع پیمانے پر کاشت ممکن نہیں ہے۔