پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کشمیریوں کے ہیروہیں ، کشمیری اخبار

بدھ 20 مارچ 2024 13:21

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) کشمیری اخبار نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو کشمیریوں کے ہیروقرار دیا ہے،معروف بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے حالیہ دورے نے کشمیریوں کی پاکستان سے گہری محبت اور بھارتی حکمرانی کے خلاف ناراضگی کو بے نقاب کردیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموں سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار” کشمیر ٹائمز“ میں چھپنے والے ایک مضمون میں کشمیری مصنفہ اور بی بی سی کی سابق ایڈیٹر نعیمہ احمد مہجور نے کہا ہے کہ گو کہ ٹنڈولکر کا دورہ بظاہر نجی تھا لیکن جموںوکشمیر کے لوگوں نے اسے مکمل طورپر سیاسی تصور کیا کیونکہ بھارتی کرکٹر کی مختلف سرکاری اداروں اور کنٹرول لائن کا دورہ اور مخصوص لوگوں سے ملاقاتوں نے انکا دورہ سیاسی ہونے کے تاثر کو مضبوط کیا۔

(جاری ہے)

مہجور نے گلمرگ کے رہائشی ریاض لون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لون کا کہنا ہے کہ وہ ویرات کوہلی کو ایک بڑے کھلاڑی کے طور پر عزت دیتے ہیں تاہم اگر پاکستانی کھلاڑی شاہد آفریدی کشمیر کے دورےپر آئے تو یہاں انہیں دیکھنے کیلئے لوگوں کا ایک سمندر امنڈ آئے گا اور شاید حکومت کو بھیڑ کو روکنے کیلئے کرفیو لگانا پڑے۔لون کا مزید کہنا ہے کہ اگر کبھی ایسا دن آتا ہے کہ پاکستان کے کھلاڑیوں کو کشمیر جانے کی اجازت دی جائے تو بھگدڑ کی وجہ سے سینکڑوں جانیں ضائع ہو سکتی ہیں،پاکستان کے کھلاڑی ہمارے دلوں میں بستے ہیں، لالہ آفریدی اور بابر اعظم ہمارے ہیرو ہیں۔