اقوام متحدہ،انروا کے امور کا جائزہ لینے والے آزاد پینل کے تحقیقاتی نتائج یواین سیکرٹری جنرل کو موصول

جمعرات 21 مارچ 2024 10:30

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گو تریش کو فلسطینیوں کی مدد کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے (انروا) کے امور کا جائزہ لینے والے ایک آزاد پینل کے عبوری نتائج موصول ہوئے ہیں (یہ جائزہ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے میں انروا کے عملے کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزامات کے بعد کیا گیا )جن کی تحقیقات عالمی ادارے کا شعبہ برائے اندرونی نگرانی (اوا ٓئی او ایس ) کر رہا ہے۔

جائزہ گروپ کی گزشتہ روز سیکرٹری جنرل کو پیش کی گئی عبوری رپورٹ کے مطابق انروا نے غیر جانبداری کے انسانی اصول کی تعمیل یقینی بنانے کے لیے کافی تعداد میں میکانزم اور طریقہ کار وضع کیے ہیں، اس گروپ نے ایسے اہم شعبوں کی بھی نشاندہی کی جن پر ابھی بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

جائزہ گروپ اب ٹھوس اور حقیقت پسندانہ سفارشات تیار کرے گا کہ انروا کو مضبوط اور بہتر بنانے کے لیے ان اہم مسائل کو کیسے حل کیا جائے،حتمی رپورٹ 20 اپریل کو پیش کی جائے گی جسے پبلک کردیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے فروری میں یو این آر ڈبلیو اے کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی کی مشاورت سے پینل کا تقرر کیا تھا جس کی قیادت سابق فرانسیسی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا کر رہی ہیں، وہ سویڈن، ناروے اور ڈنمارک میں تین تحقیقی اداروں کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔