فیصل آباد پولیس نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروش کرنے والے میاں بیوی گرفتار

جمعرات 21 مارچ 2024 12:00

فیصل آباد پولیس نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروش کرنے والے میاں بیوی ..
مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2024ء) فیصل آباد پولیس نے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے منشیات فروش میاں بیوی گرفتار کرکے سوا کلو گرام سے زائد آئس برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سی آئی اے سٹاف مدینہ ڈویژن اور بٹالہ کالونی پولیس نے مشترکہ کارروائی میں تھانہ پیپلز کالونی کے علاقہ سے تعلیمی اداروں میں طلبہ کو منشیات فروخت کرنے والے میاں بیوی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

پولیس رپورٹ کے مطابق گرفتار منشیات فروش خاتون بانوپروین اور اسکا شوہر مبین ادریس پرائیویٹ و سرکاری تعلیمی اداروں میں آئس فروخت کررہے تھے۔ملزمان کو تھانہ پیپلز کالونی کے علاقہ راجباہ روڈ سے گرفتار کیا گیا۔ منشیات فروش جوڑے کے قبضہ سے سوا کلو کے قریب آئس برآمد کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا ہے کہ وہ کوئٹہ کے رہائشی وقار نامی ڈرگ ڈیلر سے منشیات حاصل کرکے ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں میں سپلائی کرتے رہے ہیں۔پیپلزکالونی پولیس نے تھانہ بٹالہ کالونی کے سب انسپکٹر رانا زاہد کی مدعیت میں گرفتار میاں بیوی سمیت 3 منشیات فروشوں کیخلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کاروائی شروع کردی۔