وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بجلی و گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دینے کی منظوری دیدی

جمعرات 21 مارچ 2024 19:12

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بجلی و گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے ..
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2024ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بجلی و گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دینے کی منظوری دی ہے ، ایف آئی اے کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہے۔ جمعرات کو وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں بجلی اور گیس چوری سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے بجلی و گیس چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دی۔

ایف آئی اے حکام نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو یونان کشتی حادثہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سانحہ میں ملوث تمام عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا،انسانی سمگلنگ میں ملوث تمام عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ اس ناسور کا سدباب ممکن ہو سکے ۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کو ہنڈی حوالہ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں ایف آئی اے اہلکاروں کی زیر التوا ترقیوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر التوا پروموشن کیسز کو جلد نمٹانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ کی مقررہ مدت میں تمام زیرالتوا پروموشن کیسز کو نمٹایا جائے۔اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ ہنڈی حوالہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی سے پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔اجلاس میں وزیر داخلہ کے گزشتہ ہفتے ایف آئی ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر جاری احکامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل ڈی جیز اور پاکستان کے تمام ریجن کے ڈائریکٹرز نے اجلاس میں شرکت کی۔