Live Updates

وزیر اعلی کے پنجاب کو سرسبز بنانے کے انقلابی پروگرام ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا‘ مریم اورنگزیب

جمعرات 21 مارچ 2024 22:44

وزیر اعلی کے پنجاب کو سرسبز بنانے کے انقلابی پروگرام ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2024ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب کو سرسبز بنانے کے انقلابی پروگرام ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ،عالمی یوم جنگلات سے صوبے کی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم 2024 شروع ہوگی اور 15 لاکھ سے زائد پودے لگائیں گے ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شاہراہوں، نہروں کے کنارے شجرکاری ہوگی، جنگلات اور اس کے ساتھ رقبوں میں مختلف درخت لگائیں گے، عوام سے اپیل ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کی روشنی میں ہر شہری ہر طالب علم ہر خاتون پودا لگائے ،پودا لگانا سنت نبوی ﷺہے، ایک پودا لگا کر آپ سنت نبویﷺزندہ کریں گے، مدارس، مذہبی وسیاسی جماعتوں سے بھی خاص طور پر شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کرتی ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سموگ، فضائی آلودگی، ہوا کو زہریلے مادوں سے پاک کرنے اور صحت مند ماحول کے اس جہاد میں ہر شہری ہر پاکستانی ہر گھرانہ اور ہر ضلع ہر ادارہ ایک دوسرے سے بڑھ کر اپنا تعمیری کردار ادا کرے، میڈیا، سول سوسائٹی، ماحولیاتی بہتری، جنگلی حیات کے تحفظ کے ادارے اور تنظیمیں بھی ’’پاکستان کے لئے درخت لگائیں‘‘مہم کا حصہ بنیں، عوام کی سہولت کے لئے محکمہ جنگلات اور پی ایچ اے نے پورے صوبے میں سٹال لگا دیئے ہیں، سٹالز سے مفت پودے لیں اور شجرکاری کریں، سکول، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا ء مفت پودے لیں اور انہیں پلانٹ کریں۔

انہوںنے کہا کہ آج جلو فارسٹ پارک لاہور میں 35 ہزار پودوں کی شجرکاری ہوگی، مہم میں جنگلات، تحفظ ماحول، ہائر ایجوکیشن، صحت سمیت دیگر محکمے بھی حصہ لے رہے ہیں، محکمہ جنگلات 216 نرسریوں سے پاک آرمی، ہسپتالوں تعلیمی اور دیگر اداروں کو پودے فراہم کر رہا ہے، پہلی بار ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ایپ جاری کی گئی ہے ، کیو آر کوڈ سے شجرکاری کی جیو ٹیگنگ بھی ہوگی، پودوں کی اہمیت پر آگاہی مہم چلائیں گے، تعلیمی اداروں میں مختلف مقابلوں کا اہتمام کیا گیا ہے، پنجاب میں موسم بہارکے دوران 60 ہزار سائٹس پر 18 ملین پودے بشمول عملتاس،پیپل اورکیکر لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کے تمام اضلاع ،تحاصیل ،یونین کونسل اور کارپوریشنز کی سطح پر جیوٹیگنگ کے ساتھ تمام سرکاری و غیرسرکاری ادارے شجرکاری مہم میں حصہ لیں گے۔مختلف لوکل گورنمنٹس، شاپنگ مالز برانڈز،ریسٹورنٹس ،بھٹے ،انڈسٹری ہائوسنگ سوسائٹیز کو فری پلانٹس فراہم کیے جارہے ہیں۔شجرکاری کے ساتھ ساتھ لگائے گے پودوں کے سروائیول و بقا ء کے حوالے سے بھی چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات