اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آوٹ سورسنگ، ٹینڈر کی تاریخ میں 2ماہ کی توسیع

جمعرات 21 مارچ 2024 22:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2024ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آوٹ سورسنگ کے معاملے پر ٹینڈر کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے تاریخ میں 2 ماہ کی توسیع کردی گئی،سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹینڈر کی تاریخ میں توسیع کا نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آوٹ سورسنگ کیلئے بولی کی تاریخ 15 مئی 2024 کردی گئی ہے۔

اسلام آباد ائیرپورٹ کو ٹھیکے پر لینے کیلئے دلچسپی رکھنے والی ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں سے درخواست طلب کی گئی ہے۔سابقہ پی ڈی ایم کی اتحادی وفاقی حکومت نے گزشتہ سال اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں کو آوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا تھاجس کے بعد وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جسے ہوائی اڈوں کی آوٹ سورسنگ کے معاملات کو دیکھنے کا کہا گیا تھا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو 15سال کیلئے آوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔واضح رہے کہ اسلام آباد ائیرپورٹ کی آوٹ سورسنگ کیلئے ٹینڈ ر کا اشتہار قومی و بین الاقوامی اخبارات میں شائع کروا یا گیا تھا جس میں بولی جمع کروانے کی تاریخ 18نومبر2023مقرر کی گئی تھی لیکن بعدازاں اس میں توسیع کر دی گئی تھی۔سول ایوی ایشن کی جانب سے اس حوالے سے ایک نیا اشتہار جاری کیا گیا تھا جس میں بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ 15مارچ 2024رکھی گئی تھی جبکہ بولی کیلئے شرائط و ضوابط سابقہ ہی رکھے گئے تھے۔

سی اے اے نے آوٹ سورسنگ کے ٹینڈر کیلئے 5 ہزار ڈالر فیس درخواست کے ساتھ جمع کرانے کاکہا گیا تھا۔اس حوالے سے سابقہ وفاقی وزیر برائے ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا تھاکہ اسلام آباد ائیرپورٹ کو 15 سال کیلئے آوٹ سورس کیا جا رہا ہے لیکن کوئی ملازم بے روزگار نہیں ہو گا۔ان کا کہنا تھاکہ آوٹ سورس کا مطلب یہ نہیں کہ ائیرپورٹس کو بیچا جارہا ہے، رن وے اور نیویگیشنل سسٹم آوٹ سورس نہیں کیا جا رہا، اسلام آباد کے بعد لاہور اور کراچی ائیرپورٹ کی باری آئے گی، اگر کوئی دباو ڈالے گا تو دباو برداشت نہیں کیا جائے گا۔