خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل گیمنگ انڈسٹری میں بااختیار بنانے کے لیے امریکہ اور مائنڈ اسٹورم سٹوڈیو کا اشتراک

جمعہ 22 مارچ 2024 15:36

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے ذریعے امریکہ نے ایک معروف پاکستانی گیم ڈویلپر مائنڈ اسٹورم سٹوڈیو کے ساتھ ایک اہم شراکت کا اعلان کیا جس کا مقصد خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ڈیجیٹل گیمنگ انڈسٹری میں یہ تعاون خطے کے نوجوانوں میں جدت و مہارت کے فروغ اور اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم اقدام ہے۔

یو ایس اے آئی ڈی اور مائنڈ اسٹورم سٹوڈیو کے اس اشتراک کے توسط سے یونیورسٹیوں میں متعلقہ نصاب متعارف کروانے سے خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو اپنی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور ڈیجیٹل گیمنگ کو بطور درخشاں کیریئر بنانے میں مدد ملے گی۔ گیم ڈیویلپمنٹ مقابلوں اور تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کے ذریعے یو ایس اے آئی ڈی اور مائنڈ اسٹورم اسٹوڈیو ایک مؤثر گیمنگ ایکو سسٹم کو فروغ دیں گے جو خیبر پختونخوا کی ڈیجٹل اکانومی کی نمو میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس اے آئی ڈی پاکستان کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری نے کہا کہ کسی دور میں محض ایک مشغلہ سمجھے جانےوالی ڈیجیٹل گیمنگ آج اربوں ڈالر کی صنعت بن چکی ہے، جو تکنیک میں جدت اور صارفین کی ترجیحات میں تبدیلی کا باعث بن رہی ہے۔ مائنڈ اسٹورم سٹوڈیو کے ساتھ اس شراکت کے ذریعے،امریکہ کا مقصد ڈیجیٹل گیمنگ ڈیویلپمنٹ کو خیبر پختونخوا کی یونیورسٹیوں کے نصاب میں شامل کرنا اور اسے قابل عمل کیریئر کے طور پر فروغ دینا ہے۔مائنڈ اسٹورم پارٹنرشپ ضم شدہ اضلاع سمیت صوبے میں معاشی مواقع بڑھانے کے لیے حکومت خیبر پختونخوا اور نجی شعبے کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے 24.7 ملین ڈالر کے پانچ سالہ اقدام کا حصہ ہے۔