تمام اقلیتوں کو مکمل حقوق اور پوری مذہبی آزادی حاصل ہے،پاکستان کی بنیاد کلمہ توحید ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

ہفتہ 23 مارچ 2024 00:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کا وجود دو قومی نظریہ پر قائم ہے اور یہاں آباد تمام اقلیتوں کو بھی مکمل حقوق اور پوری مذہبی آزادی حاصل ہے پاکستان کی بنیاد کلمہ توحید ہے اور پاکستان اسلام کا ایک مضبوط قلعہ ہے 23 مارچ 1940ئبرصغیر کی تاریخ کا ایک ایسا عظیم دن ہے جو تمام پاکستانیوں کے لئے قابل فخرہے کہ جس دن قرارداد پاکستان پیش کی گئی جو کہ مسلمانان ہند کی حصول پاکستان کی جانب جدوجہد کا سنگ میل ثابت ہوئی، یوم پاکستان کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن تدبر قائد و فکر اقبال کا مشترکہ عکاس ہے۔

یہ ایک ایسا سنہرا دن ہے کہ جس دن مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا اور بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی فہم و فراست، یقین محکم، سیاسی تدبر، اور عملی جدوجہد کی مکمل حمایت اور تائید کی جنہوں نے مسلمانوں کو ایک اقلیت نہیں بلکہ ایک الگ قوم قرار دیا جو اپنی ایک منفرد شناخت رکھتی ہے اور جو ایسے کسی آئین کو قبول نہیں کرسکتی جو مسلمانان ہند کے حقوق سے متصادم ہو۔

(جاری ہے)

اس کا عملی نمونہ 1945 کے انتخابات ہیں جس میں مسلمانوں کو واضح سیاسی برتری حاصل ہوئی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ قرارداد پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک علیحدہ مسلم ریاست کے قیام کی بنیاد اور یہاں آباد مختلف اقوام اور اکائیوں کے حقوق کے تعین اور تحفظ کی ضمانت فراہم کرتی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن بھی ہے کہ ہم اپنے پاک وطن کی حفاظت، استحکام اور ترقی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس مقصد کے حصول کے لئے بحیثیت متحد قوم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت ہمیں جن چیلنجر کا سامنا ہے اس سے نمٹنے کے لیے بھی ہمیں ایک باشعور متحد اور ذمہ دار قوم کے طور پر انفرادی اور مجموعی طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور وہ پاکستان اور پاک فوج کے خلاف کسی بیرونی پروپیگنڈے کے آلہ کار نہیں بنیں گے ملک کو اس وقت اتفاق اور اتحاد کی ضرورت ہے اور ہمارا ملک کسی بیرونی ایجنڈے اور ملک دشمن عناصر کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کے باعث انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنی صفوں میں مکمل اتفاق اتحاد برقرار رکھیں وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دشمنوں کی میلی آنکھ سے محفوظ رکھے اور اس ملک کو تا قیامت قائم و دائم رکھے۔