سعودی عرب میں مسافروں کی تعداد 112 ملین، 26 فیصد اضافہ

ہفتہ 23 مارچ 2024 08:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ مملکت میں گزشتہ برس 2023 کے دوران فضائی سروسز کے ذریعےسفر کرنے والوں کی تعداد میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اخبار 24 کے مطابق سول ایوی ایشن کے صدر عبدالعزیز الدعیلج نے مدینہ منورہ ایوان صنعت و تجارت میں ہوا بازی کے شعبے میں قومی حکمت عملی کو فعال بنانے کے لیے کمیٹی کے 12ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس مملکت میں مسافروں کی مجموعی تعداد 112 ملین رہی جبکہ عالمی سطح پر 150 سٹیشنز سے مملکت کو جوڑا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی دوسری توسیع کا مرحلہ سال 2027 تک مکمل ہو جائے گا جس پر ایک اعشاریہ دو ارب ریال لاگت آئے گی جس کے بعد سالانہ 17 ملین مسافروں کی مزید گنجائش پیدا ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

سول ایوی ایشن کے صدر نے اجلاس سے خطاب میں مزید کہا کہ ہوا بازی کے شعبے میں غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں جن میں شاہ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض منصوبہ، ابھا ایئرپورٹ اور ریڈ سی انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبے کے علاوہ ریاض ایئر کمپنی کا قیام شامل ہے۔

مملکت کے چار انٹرنیشنل ایئرپورٹس کو مسلسل دوسری بار 19 اعزازات ملے ہیں جبکہ ان ایئرپورٹس میں سے تین کو ’سکائی ٹریکس‘ پروگرام کے تحت دنیا کے 50 بہترین ایئرپورٹس میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ریاض کا شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 27ویں نمبر جبکہ جدہ کا شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ 41ویں اور دمام کا شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ 44 ویں رینک پر ہے۔