رمضان میں عمرہ بھی مہنگا، قیام اللیل کے دنوں میں اضافی اخراجات برداشت کرنا ہوں گے

عیدالفطر اپنے اہل خانہ کے ساتھ منانے والے تارکین وطن کے لیے بھی بین الاقوامی پروازوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیاگیا،رپورٹ

ہفتہ 23 مارچ 2024 12:36

رمضان میں عمرہ بھی مہنگا، قیام اللیل کے دنوں میں اضافی اخراجات برداشت ..
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) ٹریول ایجنسیوں نے عمرہ پیکج کی قیمت میں دو گنا اضافہ کر دیا ہے۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں امکان ہے کہ عمرہ کے اخراجات میں تین گنا اضافہ ہو جائے۔ قیام اللیل کے دوران عمرہ کرنے والوں کی تعداد رمضان المبارک کے پہلے دو عشروں کی نسبت زیادہ ہو جاتی ہے۔غیرملکی خبررساں ادار کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں عمرہ ٹریول آپریٹرز نے انفرادی ٹور بس پیکجزز کی قیمت 200 ریال فی فرد کر دی ہے۔

پہلے یہ قیمت 110 ریال فی فرد تھی۔ ٹریول ایجنسیوں کی جانب سے عمرہ کی قیمتوں میں اضافہ تقریبا دو گنا ہے۔ضلع حی الوزارت کے ٹور آپریٹرز نے کہا ہے کہ 'رمضان المبارک کے آخری عشرے اور قیام اللیل کے دوران ٹریول ایجنسیاں قیمتوں میں 250 ریال سے 300 ریال تک کا اضافہ کرے گی۔

(جاری ہے)

ٹور آپریٹر الفجر نے بتایا ہے کہ عمرہ پیکجز کی مہنگائی عام طور پر مقدس مہینے رمضان المبارک میں کی جاتی ہے۔

ریاض کے رہائشی عبدالرحمن عمری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا 'لوگ مکہ اور مدینہ میں رمضان المبارک گزارنا چاہتے ہیں۔سعودی دارالحکومت ریاض میں تقریبا 100 عمرہ ٹریول ایجنسیاں ہیں۔ جن میں سے زیادہ تر حی الوزارت اور بطحا میں ہیں۔ٹریول کمپنی کے سپروائزر محمد اسلم جمیل نے میڈیا سے بات کرتے ہئے کہا 'رمضان المبارک میں عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔

اس لیے قریب کی تاریخوں کے عمرہ ٹکٹ اب موجود نہیں ہیں کہ وہ سب عمرہ زائرین خرید چکے ہیں۔محمد اسلم نے بتایا کہ انہوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ عمرہ کرنے کے لیے فروری کے تیسرے ہفتے میں ٹکٹ خریدے تو اس وقت فی فرد 592 ریال کی عمرہ ٹکٹ آئی تھی۔ جبکہ عمرہ کی ٹکٹ اب 1500 ریال تک پہنچ گئی ہے۔ یہی ٹکٹ اگلے ہفتے میں 2000 ریال میں دستیاب ہوگی جو لوگ قیام اللیل کے لیے سفر کرنا چاہتے ہیں تو ان کے لیے عمرہ کی ٹکٹ 2500 ریال تک ہوگی۔

طاق راتوں کے لیے قدرے سستے ٹکٹ ہیں لیکن ان کی قیمت بھی 1000 ریال ہے۔علاوہ ازیں عیدالفطر اپنے اہل خانہ کے ساتھ منانے والے تارکین وطن کے لیے بھی بین الاقوامی پروازوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ کھانے پینے کی اشیا، لباس اور دیگر چیزوں کی قیمتیں پاکستان سمیت مسلم دنیا میں رمضان المبارک کے دوران کئی گنا بڑھا دی جاتی ہیں۔شاہ سعود یونیورسٹی میں کام کرنے والے ہندوستانی محمد سراج الدین نے بتایا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر اپنے اہل خانہ کے پاس موجود ہونے کے لیے انہوں نے 28 فروری کو ٹکٹ بک کرا لیا تھا۔ اس وقت ٹکٹ کی قیمت 985 ریال تھی جو کہ اب 1200 ریال ہو چکی ہے۔