مراد علی شاہ کا صوبے میں کارپوریٹ فارمنگ کو فروغ دینے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں بنجر زمین پر کارپوریٹ فارمنگ کیلئے بیج، رعایتی نرخوں پر کھاد اور پانی جیسی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تجاویز طلب کی ہیں،ترجمان وزیراعلیٰ ہاﺅس

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 23 مارچ 2024 13:48

مراد علی شاہ کا صوبے میں کارپوریٹ فارمنگ کو فروغ دینے کا فیصلہ
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 مارچ2024 ء) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کے زرعی شعبے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے کارپوریٹ فارمنگ کے منصوبے کو فروغ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، ڈان نیوز کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ ہاوٴس نے بتایا کہ مراد علی شاہ کی زیرِ سربراہی ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس منعقد ہوا جس میںوزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں بنجر زمین پر کارپوریٹ فارمنگ کیلئے بیج، رعایتی نرخوں پر کھاد اور پانی جیسی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تجاویز طلب کی ہیںانہوں نے محکمہ زراعت کو ہدایت دی کہ اس مقصد کیلئے تجاویز کو حتمی شکل دی جائے تاکہ کارپوریٹ فارمنگ سے متعلق منصوبوں کو شروع کیا جاسکے۔

مختلف ونگز بشمول تحقیقی مراکز کو کسانوں، کاشتکاروں اور معیشت کے بہترین مفاد کیلئے مضبوط بنایا جائے۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے بنجر زمین پر کارپوریٹ زرعی فارمنگ کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے، مقامی کاشتکاروں کو کارپوریٹ فارمنگ میں یکساں مواقع فراہم ملیں گے، اور کاشتکاری کیلئے جدید طریقے اپنانے کے حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ سابقہ نگران حکومت سندھ نے نجی کمپنی کے ساتھ معاہد کیا تھا جس کے تحت 6 اضلاع میں 52 ہزار ایکڑ سے زائد زمین کارپوریٹ فارمنگ کیلئے دینے کامعاہدہ کیاگیاتھا۔اس سلسلے میں حکومت سندھ اور گرین کارپوریٹ انیشیٹوکے درمیان وزیراعلیٰ ہاوٴس میں معاہدے پر دستخط کئے گئے تھے۔معاہدے کے تحت سندھ میں مقامی انتظامیہ نے تقریباً 52 ہزار 713 ایکڑ بنجر زمین کی نشاندہی کی تھی۔ ملک میں کارپوریٹ فارمنگ کا تصور لا کر زرعی طریقوں کو جدید شکل میں ڈھالنا ہے۔نجی کمپنی اس بنجر زمین کوکارپوریٹ ایگریکلچرل فارمنگ کیلئے قابل کاشت بنائے گی۔