چیئرمین ٹولٹن مارکیٹ کا 24مارچ سے پنجاب بھر میں مرغی کی سپلائی روکنے کا اعلان

پنجاب حکومت نے ہمارے ساتھ ناروا اور غلط رویہ رکھا ہوا ہے، چکن کا ہمارا ریٹ 580 روپے کلو ہے،ہمیں چکن فی کلو 30 روپے کم قیمت یعنی 550 روپے میں بیچنے کا کہا جا رہا ہے،بیان

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 23 مارچ 2024 15:27

چیئرمین ٹولٹن مارکیٹ کا 24مارچ سے پنجاب بھر میں مرغی کی سپلائی روکنے ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 مارچ2024 ء) چیئرمین ٹولٹن مارکیٹ ایسوسی ایشن نے 24مارچ سے پنجاب بھر میں مرغی کی سپلائی روکنے کا اعلان کر دیا،پنجاب حکومت نے ہمارے ساتھ ناروا اور غلط رویہ رکھا ہوا ہے۔24 مارچ سے پنجاب بھر میں مرغی کی سپلائی روک دیں گے۔اپنے ایک بیان میں چیئرمین ٹولٹن مارکیٹ ایسوسی ایشن محمد طارق کا کہناہے کہ چکن کا ہمارا ریٹ 580 روپے کلو ہے، اس سے کم نہیں بیچ سکتے۔

قیمت خرید سے کم ریٹ پر چکن فروخت کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ہمیں چکن فی کلو 30 روپے کم قیمت یعنی 550 روپے میں بیچنے کا کہا جا رہا ہے۔جب تک پنجاب حکومت فیصلہ واپس نہیں لیتی، پولٹری ٹریڈرز اپنا کاروبار بند رکھیں گے۔یاد رہے کہ پنجاب حکومت اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے چند روزقبل پنجاب میں مرغی کے گوشت کی قیمت اوپن مارکیٹ میں 10روپے اور ماڈل ورمضان بازاروں میں 25روپے فی کلو گرام کم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس امر کا اعلان رمضان پیکیج پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کیلئے بنائی گئی صوبائی وزارتی کمیٹی کے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس میں کیا گیاتھا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین،صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین اوروزیر زراعت عاشق کرمانی نے مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی تھی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ماہ مقدس میں اشیاءضروریہ کی قیمتوں کو نیچے لائیں گے۔پولٹری ایسوسی ایشن کے ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی کے جزبے کو سراہتے ہیں۔پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد میں طارق جاوید صدر پنجاب پولٹری ایسوسی ایشن، چوہدری نصرت چیئرمین پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن، رانا قاسم اقبال، اور سردار تجمل شامل تھے۔صوبائی وزیر کاکہناتھاکہ ماڈل ورمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں معیاری گوشت کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے ٹولٹن مارکیٹ کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی تھی۔