یوم پاکستان اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنے پاک وطن کی حفاظت، استحکام اور ترقی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،حاجی سیلاب خان اچکزئی

ہفتہ 23 مارچ 2024 17:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) مظلوم اولسی تحریک بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی سیلاب خان اچکزئی نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940ء برصغیر کی تاریخ کا ایک ایسا عظیم دن ہے جو تمام پاکستانیوں کے لئے قابل فخرہے کہ جس دن قرارداد پاکستان پیش کی گئی جو کہ مسلمانان ہند کی حصول پاکستان کی جانب جدوجہد کا سنگ میل ثابت ہوئی۔

یوم پاکستان کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں حاجی سیلاب خان اچکزئی نے کہا کہ آج کا دن تدبر قائد و فکر اقبال کا مشترکہ عکاس ہے یہ ایک ایسا سنہرا دن ہے کہ جس دن مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا اور بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی فہم و فراست، یقین محکم، سیاسی تدبر، اور عملی جدوجہد کی مکمل حمایت اور تائید کی جنہوں نے مسلمانوں کو ایک اقلیت نہیں بلکہ ایک الگ قوم قرار دیا جو اپنی ایک منفرد شناخت رکھتی ہے اور جو ایسے کسی آئین کو قبول نہیں کرسکتی جو مسلمانان ہند کے حقوق سے متصادم ہو،اس کا عملی نمونہ 1945 کے انتخابات ہیں جس میں مسلمانوں کو واضح سیاسی برتری حاصل ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قرارداد پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک علیحدہ مسلم ریاست کے قیام کی بنیاد اور یہاں آباد مختلف اقوام اور اکائیوں کے حقوق کے تعین اور تحفظ کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ حاجی سیلاب خان اچکزئی نے کہاکہ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن بھی ہے کہ ہم اپنے پاک وطن کی حفاظت، استحکام اور ترقی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس مقصد کے حصول کے لئے بحیثیت متحد قوم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔