موٹروے پولیس کی جانب سے پورے ملک کی طرح سکھر سیکٹر میں بھی یوم پاکستان کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا

ہفتہ 23 مارچ 2024 17:32

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) آئی جی موٹر وے سلمان چوہدری ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن منیر احمد شیخ اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ محمد سلیم کی خصوصی ہدایت کے بعد پورے ملک کی طرح سکھر سیکٹر میں بھی یوم پاکستان کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔اس سلسلے میں ایس پی موٹروے سکھر سیکٹر رانا محمد اسماعیل کی زیر نگرانی سکھر سیکٹر کے تمام دفاتر میں قرآن خوانی اور تلاوت کلام پاک کا انعقاد کیا گیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور وطن سے بھرپور محبت کا اظہار بھی کیاگیا۔

اس موقع پر ایس پی موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر رانا محمد اسماعیل کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنی آذادی کی جدوجھد میں اپنے بزرگوں کی دی گئیں انمول قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ھیں اور آزادی کی تحریک کا دن جوش و جذبے سے مناتی ہیں۔

(جاری ہے)

یوم پاکستان کے موقع پر رانی پور ٹول پلازہ،روھڑی ٹول پلازہ،گھوٹکی ٹول پلازہ اور اباؤڑو ٹول پلازہ پر موٹر وے پولیس کے افسران کے ہمراہ ننھے بچوں نے موٹر وے پولیس کی خوبصورت یونیفارم زیب تن کر کے آنے جانے والے مسافروں میں پاکستانی پرچم اور تحائف تقسیم کئے۔ جبکہ روڈ حادثات سے بچاؤ اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاھی سمیت روڈ سیفٹی پمفلیٹس بھی تقسیم کئے گئے جس پر مسافروں نے موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کیا اور موٹر وے پولیس کی تعریف کی۔